کتاب: محدث شمارہ 260 - صفحہ 42
میں ۲۵ سے زیادہ کتابیں نکل چکی ہیں ۔ حال ہی میں مسند ِابی یعلی موصلی ان کی تحقیق و تخریج و تنقیح سے شائع ہوئی ہے۔
مرکز الدعوة السلفیہ، ستیانہ بنگلہ، فیصل آباد
یہ مدرسہ ڈاکٹر محمد راشد رندھاوا کے زیر اہتمام چل رہا ہے۔ مولانا عبداللہ امجد چھتوی شیخ الحدیث کے عہدہ پر فائز ہیں ۔ اس مدرسہ میں ۲۰۰ کے قریب طلبا تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔
جامعہ ستاریہ، کراچی
اس مدرسہ کی بنیاد مولانا حافظ عبدالستار صدری دہلوی (م۱۹۶۲ء) نے رکھی۔ مولانا حافظ عبدالستار ، مولانا عبدالوہاب صدری دہلوی کے بڑے صاحبزادے تھے۔ بڑے وسیع النظرعالم دین اور مناظر تھے۔ ان کی ساری زندگی حدیث ِنبوی کی تدریس میں بسر ہوئی۔ کراچی میں اہل حدیث کا یہ بہت بڑا مدرسہ ہے۔ مدینہ یونیورسٹی سے بھی اس کاالحاق ہے۔ آج کل مولانا عبدالرحمن سلفی اس مدرسہ کے مہتمم ہیں ۔
جامعہ ابی بکر ، کراچی
کراچی کا ایک بڑا جامعہ ہے جسے پروفیسر ظفر اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے قائم کیا۔ اس مدرسہ میں عربی زبان کی تعلیم کا خاص ذوق وشوق پایا جاتا ہے۔ اسلامی عربی جامعات کی عالمی تنظیم کا یہ جامعہ بھی رکن ہے۔اس میں عصری علوم کا بھی انتظام ہے ، اس جامعہ میں ذریعہ تعلیم عربی زبان ہے۔
جامعہ توحیدیہ، وزیرآباد
یہ مدرسہ حافظ عبدالستار نے قائم کیا ہے۔ حافظ عبدالستار حامد اس مدرسہ کے مہتمم ہیں ۔ اس مدرسہ میں حفظ ِقرآن اور درسِ نظامی کی تعلیم دی جاتی ہے۔
الجامعہ الاثریہ، جہلم
یہ مدرسہ مولانا عبدالغفور جہلمی رحمۃ اللہ علیہ نے قائم کیا اس مدرسہ کا سنگ ِبنیاد ۱۹۷۹ء میں امام کعبہ شیخ محمد بن عبداللہ السبیل نے رکھا۔ اس مدرسہ کی بلڈنگ کی تعمیر میں حاکم شارجہ نے بھر پور تعاون کیا۔ الجامعہ الاثریہ کے دو حصے ہیں : ایک طلباء کے لئے اور دوسرا طالبات کے لئے۔
الجامعہ الاثریہ کے رئیس علامہ محمدمدنی تھے جن کا انتقال عید الاضحی ۱۴۲۲ھ سے چند روز قبل ہوا۔مولانا پیر محمد یعقوب قریشی اس کے شیخ الحدیث ہیں ۔ الجامعہ الاثریہ کا ترجمان ماہنامہ ’حرمین‘ ہے جس کے مدیر مدنی رحمۃ اللہ علیہ صاحب کے چھوٹے بھائی حافظ عبدالحمید عامر ہیں ۔