کتاب: محدث شمارہ 260 - صفحہ 38
جامعہ لاہور الاسلامیہ (رحمانیہ) ماڈل ٹاؤن، لاہور
یہ مدرسہ مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی بن مولانا حافظ محمد حسین روپڑی کی زیرنگرانی کتاب و سنت کی شمع روشن کئے ہوئے ہے۔ مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی ایک جلیل القدر عالم دین ہیں ۔ حضرت العلام محدث روپڑی کے بھتیجے اور تلمیذ ِرشید ہیں ۔ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے تعلیم یافتہ ہیں ، اس لئے مدنی کہلاتے ہیں ۔جامعہ کے زیر اہتمام تین کلیہ جات کلیہ الشریعہ ، کلیہ القرآن اور کلیہ العلوم الاجتماعیہ بڑی کامیابی سے کام کررہے ہیں ۔ دو معاہد المعہد العالی للشریعہ والقضاء اور المعہد العالی للدعوة والاعلام بھی سرگرم عمل ہیں ۔ طلبہ وطالبات کی تعداد ایک ہزار سے متجاوز ہے۔عصری علوم اور کمپیوٹر وغیرہ کی تعلیم اس ادارے میں ابتدا سے ہی لازمی ہے۔ ملکی اور عالمی سطح پر یہ جامعہ امتیازی شان رکھتا ہے۔
جامعہ رحمانیہ کے علاوہ کئی مدارس البنات بھی ان کی زیر نگرانی چل رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں ’مجلس التحقیق الاسلامی‘ کے نام سے ایک تحقیقی وعلمی ادارہ بھی قائم ہے۔اس ادارہ کے زیرنگرانی ۳۴ سال سے ایک ماہوار علمی و تحقیقی مجلہ ’محدث‘ بھی شائع ہورہا ہے۔
ماہنامہ ’محدث‘ علمی لحاظ سے ایک بلندپایہ رسالہ ہے اور ملک کے علمی و دینی رسائل میں اس کا بڑا اعلیٰ مرتبہ و مقام ہے۔ اس کے مقالات اصلاحی ، معلوماتی اور تحقیقی ہوتے ہیں اسی بنا پر اس رسالہ کی تمام مسالک کے اہل علم و تحقیق کی نظرمیں بڑی قدر ہے۔ حافظ حسن مدنی جو مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی کے صاحبزادے ہیں ، اس کے مدیر اور حضرت حافظ صاحب مدیر اعلیٰ ہیں ۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اکیڈمی، لاہور
یہ اکیڈمی میاں محمد جمیل ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیة اہل حدیث پاکستان نے ۱۹۹۷ء میں قائم کی۔ اس اکیڈمی میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بی اے تک دی جاتی ہے۔ میاں محمد جمیل مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سیکرٹری جنرل ہیں ۔ آپ اعلیٰ خطیب ہونے کے علاوہ کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں ۔ حالاتِ حاضرہ پر بھی ان کی وسیع نظر ہے۔ بڑے سلجھے انداز میں ملکی و عالمی سیاست پر تبصرہ فرماتے ہیں ۔ ابوہریرہ اکیڈمی میٹرک پاس طلبہ کو علومِ اسلامیہ کی تعلیم مع عصری تعلیم چار سال میں مکمل کرتی ہے۔
جامعہ تعلیم الاسلام، مامون کانجن
جامعہ تعلیم الاسلام امیرالمجاہدین صوفی محمد عبداللہ وزیر آبادی (م۱۹۷۵ء) نے اوڈانوالہ چک ۴۹۳ گ ب میں ۱۹۲۱ء/۱۳۳۹ھ میں قائم کیا تھا اور ۱۹۳۲ء/۱۳۵۱ھ میں اسے باقاعدہ دارالعلوم کی شکل دی