کتاب: محدث شمارہ 260 - صفحہ 37
لاہور کے مدارس لاہور میں اہل حدیث کے کئی ایک مدارس کتاب و سنت کی اشاعت و تعلیم میں سرگرم عمل ہیں ۔ یہاں صرف تین مشہور مدارس کا تعاف پیش خدمت ہے جامعہ اہل حدیث، چوک دالگراں لاہور یہ مدرسہ مفتی ٴدوراں مولانا حافظ عبداللہ محدث روپڑی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۹۶۴ء) اور شیخ التفسیرحافظ محمد حسین رحمۃ اللہ علیہ (برادرِ خورد) نے ۱۹۵۶ء میں قائم کیا۔ حضرت العلام محدث روپڑی علوم اسلامیہ کے بحر ذخار تھے۔ تمام علوم یعنی تفسیر، حدیث، فقہ، اصولِ فقہ، تاریخ و سیر، اسماء الرجال، لغت و ادب، فلسفہ و منطق اور صرف و نحو وغیرہ میں ان کو یدطولیٰ حاصل تھا۔ مسائل کی تحقیق و تدقیق میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔ درس و تدریس اور تصنیف و تالیف میں ان کو خاص ملکہ حاصل تھا۔ ان کے تلامذہ کی فہرست طویل ہے، مشہور تلامذہ یہ ہیں : مولانا عبدالجبار محدث رحمۃ اللہ علیہ کھنڈیلوی، مولانا حافظ محمد حسین روپڑی رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا سید بدیع الدین شاہ راشدی رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا محمد عطاء اللہ حنیف رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا حافظ اسماعیل روپڑی رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا حافظ عبدالقادر روپڑی رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا حافظ ثناء اللہ مدنی، حافظ عبد السلام فتح پوری، مولانا عبدالسلام کیلانی، مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی، مولانا حبیب الرحمن شاہ رحمۃ اللہ علیہ راولپنڈی اور مولانا عبد الوکیل علو ی وغیرہم۔ حضرت العلام محدث روپڑی نے ۱۹۶۴ء میں انتقال کیا۔ ۱۹۶۲ء سے محدث روپڑی نے اس جامعہ کا تعلیمی انتظام اپنے بھتیجے حافظ عبد الرحمن امرتسری(مدنی) کے سپرد کردیا اور جامعہ کے مالی ناظم حضرت حافظ عبدالقادر روپڑی (م۱۹۹۹ء) اور ان کے معاونِ خاص حافظ محمود احمد رحمۃ اللہ علیہ کے سپرد رہا۔بعد ازاں حضرت حافظ عبد القادر روپڑی رحمۃ اللہ علیہ ۳۵ سال تک جامعہ اہل حدیث کے نگران رہے۔ حضرت حافظ روپڑی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کے بعد ان کے چچا مولوی عبد الواحد کے پوتے مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی ناظم مقرر ہوئے۔ جامعہ اہل حدیث میں اس وقت مولانا عبیداللہ عفیف شیخ الحدیث ہیں ۔ ان کے علاوہ حافظ عبدالغفار روپڑی، حافظ عبدالوہاب روپڑی، حافظ محمد حنیف مدنی، مولانا جابر حسین مدنی قابل ذکر اساتذہ میں شامل ہیں ۔ یہ مدرسہ خانوادۂ روپڑی کی یادگار ہے اور کتاب و سنت کی ترقی و ترویج میں دن رات کوشاں ہے۔ اس مدرسہ کا مدینہ یونیورسٹی کی ثانوی تعلیم سے معادلہ ہے۔ درسِ نظامی کے ساتھ اس میں شعبہ حفظ ِقرآن بھی ہے۔