کتاب: محدث شمارہ 260 - صفحہ 33
مدرسہ حمیدیہ، سوہدرہ
یہ مدرسہ مولانا عبدالحمید سوہدروی رحمۃ اللہ علیہ بن مولانا غلام نبی ربانی سوہدروی رحمۃ اللہ علیہ نے قائم کیاتھا۔ مولانا عبدالحمید مرحوم ایک جلیل القدر عالم تھے۔ مولانا، حافظ عبدالمنان محدث وزیرآبادی رحمۃ اللہ علیہ ، شیخ الکل مولانا سید محمد نذیر حسین محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا شمس الحق ڈیانوی عظیم آبادی رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ حسین بن محسن انصاری رحمۃ اللہ علیہ یمانی سے مستفیض تھے۔ ۱۳۰۱ھ میں پیدا ہوئے اور بہت تھوڑی عمر پائی، ۱۳۳۰ھ میں وفات پائی۔
مولانا غلام نبی رحمۃ اللہ علیہ ربانی کاشمار اہل اللہ میں ہوتا تھا۔ مولانا حافظ محمد لکھوی رحمۃ اللہ علیہ اور شیخ الکل مولانا سید محمد نذیر حسین دہلوی رحمۃ اللہ علیہ سے علومِ اسلامیہ کی تحصیل کی۔ حضرت عارف باللہ مولانا سید عبداللہ غزنوی رحمۃ اللہ علیہ سے بھی مستفیض تھے۔ ۱۳۴۸ھ/۱۹۳۰ء میں انتقال کیا۔ اس مدرسہ سے فارغ ہونے والوں میں درج ذیل اصحاب شہرت کے درجہ کو پہنچے : مولانا نظام الدین کٹھوروی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۹۱۳ء)، مولوی مراد علی کٹھوروی رحمۃ اللہ علیہ (۱۹۶۸ء)، مولوی ہدایت اللہ سوہدروی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۹۶۷ء)، مولوی ابویحییٰ امام خاں نوشہروی رحمۃ اللہ علیہ (۱۹۶۶ء)
مدرسہ تعلیم القرآن، سوہدرہ
مولانا غلام نبی رحمۃ اللہ علیہ ربانی نے ۱۹۳۰ء میں انتقال کیا۔ آپ کے صاحبزادہ مولانا عبدالحمید رحمۃ اللہ علیہ کا ان کی زندگی میں ۱۹۱۲ء میں انتقال ہوچکاتھا۔ مولاناغلام نبی ربانی رحمۃ اللہ علیہ کے بعد ان کے پوتے مولانا عبدالمجید رحمۃ اللہ علیہ سوہدروی (م۱۹۵۹ء) جانشین ہوئے۔ لیکن وہ اپنی صحافتی مصروفیات کی وجہ سے تدریس کی طرف توجہ نہ دے سکے۔۱۹۴۸ء میں مولانا عبدالمجید رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادہ مولوی حافظ محمد یوسف سوہدروی رحمۃ اللہ علیہ نے مدرسہ تعلیم القرآن والحدیث کے نام ایک مدرسہ قائم کیا۔ یہ مدرسہ حافظ صاحب کے انتقال ۱۹۹۷ء تک جاری رہا۔ اس مدرسہ میں ناظرہ قرآن، ترجمہ قرآن اور حدیث کے اسباق ہوتے تھے۔ راقم آثم کو بھی حافظ صاحب سے شرفِ تلمذ حاصل ہے اور حدیث کی مشہور کتاب مشکوٰة المصابیح اور صرف و نحو کے کچھ اسباق پڑھے۔
مدرسہ اصحابِ صفہ، سوہدرہ
حافظ محمد یوسف رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کے بعد ان کے چھوٹے بھائی حافظ عبدالوحید (نواسہٴ شیخ التفسیر مولانا احمد علی لاہوری رحمۃ اللہ علیہ )نے یہ مدرسہ قائم کیا۔ اس مدرسہ میں ناظرۂ قرآن مجید، ترجمہ قرآن مجید اور حفظ ِقرآن کی تعلیم دی جاتی ہے۔ حافظ عبدالوحید صاحب آج کل ہیوسٹن (امریکہ) میں اشاعت ِاسلام میں سرگرمِ عمل ہیں اور یہ مدرسہ ان کی نگرانی میں چل رہا ہے۔ اس مدرسہ کے تمام اخراجات حافظ صاحب ہی برداشت کرتے ہیں ، مولوی حبیب الرحمن جو حافظ عبدالوحید صاحب کے چھوٹے بھائی ہیں ، حافظ صاحب کی نمائندگی کرتے ہیں ۔