کتاب: محدث شمارہ 260 - صفحہ 24
درج ذیل ہے : تدریس ۱۲۷۵ھ/۱۸۵۸ء میں مولانا سید جلال الدین احمدجعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۲۷۹ھ/۱۸۶۲ء)نے قائم کیا تھا اور یہ مدرسہ دارالعلوم دیو بند سے چار سال قبل قائم ہوا۔ اس مدرسہ میں مولانا جلال الدین احمد رحمۃ اللہ علیہ کے علاوہ ان کے صاحبزادگان مولانا سعید الدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۲۹۳ھ/۱۸۷۶ء) مولانا سید مجیدالدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۲۹۸ھ/۱۸۷۸ء)، مولانا سید حمیدالدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۰۸ھ/۱۸۹۰ء)، مولانا سید شہید الدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۳۷ھ/۱۹۱۸ء) اور مولانا سید عبدالکبیر بہاری رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۳۱ھ/۱۹۱۳ء) تدریس فرماتے رہے … اس مدرسہ کے دورِ ثانی میں مولانا سید نذیر الدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ بن مولانا سید حمید الدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۵۲ھ/۱۹۳۳ء) اور مولانا سید بشیر الدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ بن مولانا سید شہید الدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۵۸ھ/۱۹۳۹ء) تدریسی خدمات انجام دیتے رہے … دورِ ثالث میں اس مدرسہ میں مولانا ابوالقاسم بنارسی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۶۹ھ/۱۹۴۹ء) اور مولانا حکیم عبدالمجید رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا عبدالآخر بنارسی رحمۃ اللہ علیہ نے تدریسی خدمات انجام دیں ۔ مدرسہ مصباح الہدیٰ (جامعہ رحمانیہ) محلہ مدن پورہ، بنارس یہ مدرسہ حافظ عبدالرحمن مرحوم ساکن بنارس نے ۱۳۱۵ھ/۱۸۹۸ء میں قائم کیا تھا۔ اس مدرسہ کے صدر مدرّس مولانا محمد منیرخان مرحوم تھے۔ جو مولانا احمدعلی سہارنپوری رحمۃ اللہ علیہ محشّی صحیح بخاری (م۱۲۹۸ھ/۱۸۸۱ء) مولانا محمد سعید بنارسی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۲۲ھ/۱۹۰۴ء) اور شیخ ا لکل مولانا سید محمد نذیر حسین محدث دہلوی (م۱۳۲۰ھ/۱۹۰۲ء) سے مستفیض تھے، یہ مدرسہ اب بھی جاری ہے۔ مدرسہ سعیدیہ، بنارس یہ مدرسہ مولانا محمد سعید محدث بنارسی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۲۲ھ/۱۹۰۴ء) نے ۱۲۹۷ھ/۱۸۸۰ء میں قائم کیا تھا۔ مولانا محمد سعید بنارسی، حضرت حافظ عبداللہ غازیپوری رحمۃ اللہ علیہ (م۱۲۳۷ھ/۱۹۲۰ء) مولانا سید محمد نذیر حسین محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ حسین بن محسن انصاری یمانی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۲۷ھ/۱۹۰۹ء) سے مستفیض تھے۔ مولانا محمد سعید بنارسی کے بعد مولانا ابوالقاسم سیف بنارسی رحمۃ اللہ علیہ (م۱۳۶۹ھ/۱۹۴۹ء ) اور مولانا سید نذیر الدین احمد جعفری ہاشمی رحمۃ اللہ علیہ بھی تدریس فرماتے رہے۔ اس مدرسہ سے فارغ التحصیل ہونے والوں میں مولانا محمد سعید بنارسی رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادگان مولانا ابومسعود قمر بنارسی رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا قاری احمد سعید بنارسی رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا عبدالآخر بنارسی رحمۃ اللہ علیہ اور دوسرے بے شمار حضرات تھے۔