کتاب: محدث شمارہ 259 - صفحہ 19
(۳) ﴿ثُمَّ اَمَاتَه فَاَقْبَرَہ ثُمَّ إِذَا شَاءَ اَنْشَرَہ﴾ ( عبس :۲۱،۲۲) ”پھر اسے موت دے کر قبر میں پہنچا دیا پھر جب وہ چاہے گا، اسے زندہ کرے گا۔“ اس آیت کی تفسیر میں امام شوکانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ”اللہ تعالیٰ نے(ہر) انسان کوقبر میں دفنانے کی تعلیم دی ہے کیونکہ اس میں انسان کی تعظیم ہے۔ ایسا نہیں کہ اسے زمین پردرندوں اور پرندوں کے لیے پھینک دیا جائے۔“ ( فتح القدیر :۵/۴۷۲) حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی میت کو زیرزمین (Under Ground)قبر میں دفنانے کی تعلیم دی ہے خواہ وہ میت غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو، تاکہ میت کو درندوں وغیرہ سے بچایا جائے اور ان کا تعفن بھی مٹی میں جذب ہوکر رہ جائے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب ابوطالب فوت ہوگئے تو میں نے اللہ کے رسول کی خدمت میں عرض کی کہ آپ کا بوڑھا (گمراہ) چچا فوت ہوگیا ہے (اسے کون دفن کرے)؟ آپ نے فرمایا کہ جاؤ اسے دفن کر آؤ اور میرے پاس آنے تک کوئی کام نہ کرنا۔ (ایک روایت میں ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ وہ حالت ِشرک میں فوت ہوا ہے تو آپ نے فرمایا کہ جاؤ اور اسے دفن کر آؤ)۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں دفنا کر حاضر ہوا تو آپ نے فرمایا: جاؤ غسل کرکے آؤ اور میرے پاس آنے تک کوئی کام نہ کرنا۔ میں غسل کرکے دوبارہ حاضر ہوا تو نبی نے میرے حق میں ایسی دعا فرمائی جو مجھے سرخ اور کالے اونٹوں سے بھی زیادہ خوش کردینے والی تھی۔(احمد:۸۰۷،۱۰۷۴، ابوداؤد:۲/۷۰، نسائی:۱/۲۸۲، بیہقی:۳/۳۹۸) موجودہ دور میں قبرستان کی تنگی اور قبروں کی کثرت کی و جہ سے کئی مسائل جنم لے رہے ہیں جن میں سے ایک مسئلہ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کیا کئی منزلہ (ملٹی سٹوری) قبرستان بنائے جاسکتے ہیں ؟ یا صرف زیر زمین قبرستان کی پابندی کرنا ہی ضروری ہے؟ مذکورہ مسئلہ پربحث و تمحیص سے پہلے ہمیں شرعی نکتہ نظر سے قبرستان کے احکامات اور قبروں کی تعمیر کا جائزہ لینا چاہئے، کیونکہ اسلام کے احکامات ابدی ہیں اور اگر ان احکامات پر کماحقہ عمل کیا جائے تو بہت سی مشکلات خود بخود حل ہوجائیں گی۔ ذیل میں ہم احکامِ قبور کا مختصر سا خاکہ پیش کرتے ہیں جس کے بعد یہ نتیجہ بآسانی اخذ کیا جاسکتا ہے کہ اسلام کے فطری اور ابدی احکامات پر عمل کرنے کی صورت میں کثیر منزلہ قبرستان کی بالکل ضرورت ہی پیش نہیں آسکتی، لہٰذا ہمیں نئے مسائل کھڑے کرنے کی بجائے ان وجوہات کا خاتمہ کرنا چاہئے جن کی بنا پر یہ مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ قبرستان کا انتظام وانصرام اسلام نے جس طرح میت کو دفن کرنے کا حکم دیا ہے، اسی طرح اس بات کی بھی تعلیم دی ہے کہ