کتاب: محدث لاہور 258 - صفحہ 72
فرض نماز کی مفصل ترکیب کے بعد نمازِ وتر، قنوتِ نازلہ اور نمازِ تہجد پھر نمازِ تراویح، اس کے بعد نمازِ جمعہ کی تفصیلات کا ذکر ہے۔ پھر مسافر، عورت، مریض کی نماز کے احکام ذکر کئے ہیں ۔ اس کے بعد نفلی نمازوں ، عیدین، استسقاء، اشراق وغیرہ کا تفصیل سے ذکر ہے۔ کتاب میں بعض تسامحات بھی ہیں ۔ مثال کے طور پر فاضل مصنف نے چھ کلمات کا ذکر کیا ہے: حالانکہ حدیث میں کلمہ طیبہ لااله الا اللَّه کا ثبوت ہے یا ایک صحابی سے یہ الفاظ ثابت ہیں : أشهد أن لا إله إلا اللَّه وأشهد أن محمد رسول اللَّه صلی اللَّہ علیہ وسلم رہے باقی کلمات تو انہیں کلمہ توحید، تمہید، استغفار اور ردّ کفر وغیرہ کانام دینا ثابت نہیں اور نہ ہی اوّل، دوم، سوم وغیرہ کی اصطلاح کا کہیں وجود ہے۔ انہیں زیادہ سے زیادہ اَدعیہ کا نام دیاجاسکتا ہے۔ وہ بھی اس وقت جب ان کی صحت ثابت ہو جائے۔ انہیں چھ کلموں پر محصور کرنا اورپھر ان کے ساتھ مذکورہ اصطلاحات کا لاحقہ لگانا بدعت کے زمرہ میں آتا ہے۔ اس تسامح کے باوجود مجموعی لحاظ سے کتاب کی عمدگی کا اعتراف نہ کرنابخل ہوگا۔ اعلیٰ کاغذ، عمدہ کمپوزنگ، دیدہ زیب پرنٹنگ نے کتاب کو اور زیادہ جاذبِ نظر بنا دیا ہے۔ اس لحاظ سے کتاب کی اہمیت اوربھی بڑھ جاتی ہے کہ اس پر نظرثانی کا کام جامعہ لاہور الاسلامیہ کے نائب شیخ الحدیث مولانا محمد رمضان سلفی اور مصنف کتب ِکثیرہ مولانا عبدالجبار سلفی نے کیا ہے۔ (مبصر: محمد اسلم صدیق)