کتاب: محدث لاہور 257 - صفحہ 9
کے مطالبہ کو مانتے ہوئے پاسپورٹ سے مذہب کے خانہ کوختم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ تہذیب ِمغرب اور تقلید ِفرنگی کے خلاف مسلمانوں کونصیحت کی، فرماتے ہیں : لیکن مجھے ڈر ہے کہ یہ آوازہٴ تجدید مشرق میں ہے تقلید فرنگی کا بہانہ ! علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی وفات سے محض چند ماہ پہلے یکم جنوری ۱۹۳۸ء کو نئے سال کا پیغام دیاجو آل انڈیا ریڈیو سے نشر کیا گیا۔ اس میں علامہ نے فرمایا: ”عہد ِحاضر علم و دانش اور سائنسی اختراعات میں اپنی بے مثال ترقی پر بجاطور پر فخر کرتا ہے۔ آج زمان و مکان کی تمام وسعتیں سمٹ رہی ہیں اور انسان قدرت کے راز افشا کرکے اس کی قوتوں کو اپنے مقاصد کی خاطر استعما ل کرنے میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کررہا ہے۔ لیکن تمام ترقی کے باوجود اس زمانے میں ملوکیت کے جبرو استبداد نے ڈیموکریسی (جمہوریت) ، نیشنلزم (قوم پرستی)، کمیونزم(اشتراکیت)، فاشزم (فسطائیت) اور نہ جانے کیا کیا نقاب اوڑھ رکھے ہیں ۔ ان نقابوں کی آڑ میں دنیا کے کونے کونے سے قدرِ حریت اور شرف ِانسانیت کی ایسی مٹی پلید ہورہی ہے کہ تاریخ عالم کا کوئی تاریک سے تاریک ورق بھی اس کی مثال نہیں پیش کرسکتا۔ نام نہاد سیاستدان جنہیں قیادتِ عوام اور انتظامِ حکومت کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، قتل و غارت اور ظلم و استبداد کے شیاطین ثابت ہوئے ہیں اور ان حاکموں نے جن کا فرض ایسی اقدار کی سربلندی اور تحفظ تھا جو اعلیٰ انسانیت کی تشکیل و تعمیر کا سبب بنتی ہیں ، اپنے اپنے مخصوص گروہوں کے طمع اور حرص کی خاطر لاکھوں انسانوں کا خون بہایا ہے اور کروڑوں کو اپنا محکوم بنا لیاہے۔“ (زندہ رود: ج۳ ،صفحہ ۶۳۴) آج جنگ ِافغانستان کے تناظر میں علامہ اقبال کے اس عالمانہ تبصرہ سے ہمیں ضرور روشنی حاصل کرنی چاہئے۔ علامہ اقبال کے یہ دو اشعار بھی توجہ کے لائق ہیں جو انہوں نے مصطفی کمال پاشا کے متعلق ارشاد فرمائے تھے : ٭ چاک کردی ترک ناداں نے خلافت کی قبا سادگی مسلم کی دیکھ، اوروں کی عیاری بھی دیکھ ٭ نہ مصطفی نہ رضا شاہ میں نمود اس کی کہ روحِ شرق بدن کی تلاش میں ہے ابھی! جب سے جنرل مشرف صاحب سے ’مسلم سیکولر ریاست‘ کی بات منسوب کی گئی ہے، ہمارے لادینیت پسند مفکرین ضلالت ’اسلامی سیکولرزم‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے اسلام اور سیکولر زم کے درمیان ’نکاح‘ پڑھانے کی بے ہودہ سعی میں مصروف ہیں ۔ یہاں مغربی مصادر و مراجع سے اقتباسات نقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، انسا ئیکلو پیڈیا بریٹا نیکا ہو، یا انگریزی زبان کی کوئی مستند ڈکشنری، ہر جگہ سیکولرزم کی جو وضاحت کی گئی ہے، اس سے مراد ایک مذہب دشمن نظریہ ہے جو الہامی تعلیمات کی بجائے