کتاب: محدث لاہور 257 - صفحہ 14
جیسا کہ میں نے کہا کہ ہمارا دینی نظام ،اسلام کی چودہ سو سالہ تاریخ کا تسلسل ہے ،جس کے فضلا نے کئی سو سال تک آدھی سے زیادہ دنیا کی قیادت کا فریضہ بھی سرانجام دیا ہے۔ انہی مدارس نے غزالی رحمۃ اللہ علیہ ، رازی رحمۃ اللہ علیہ ، بوعلی سینا رحمۃ اللہ علیہ ، فارابی رحمۃ اللہ علیہ ، ابن رشد رحمۃ اللہ علیہ ، ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ اورابن قیم رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم سائنس دان، فلسفی اور محقق پیدا کئے،جن کے علم کا پوری دنیا میں شہرہ تھا جبکہ یورپ اس وقت جہالت کی تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا، اس کا ذکر صدر پاکستان نے بھی اپنی تقریر میں کیا ہے۔ آپ یہ سن کر حیران ہوں گے کہ الجبرا اور جیومیٹری کے موجد مسلمان ہیں ۔ ریاضی کی تین شکلیں ہوتی ہیں : (۱)حروف کے اعتبار سے جسے الجبرا کہتے ہیں ۔ (۲) ہندسوں کے اعتبار سے، اسے حساب کہتے ہیں اور(۳)شکلوں کے اعتبار سے جسے جیومیٹری کہتے ہیں ۔ اور یہ تیسری قسم بالخصوص جیومٹری ہمارے درسِ نظامی کے نصاب میں نمایاں رہی ہے۔ پرانے درسِ نظامی میں اقلیدس(جیومیٹری کی اہم ضخیم تصنیف)بھی شامل ِنصاب تھی جس کو جدید یونیورسٹیوں کے ریاضی دان بھی سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ پھر یہ بات ہمارے لئے خوش آئند اور قابل قدر ہونی چاہئے کہ یہ دینی مدارس اپنے محدود وسائل، ملازمتوں کی عدم دستیابی اور حکومت کی بے اعتنائی کے باوجود اپنے روایتی نظامِ تعلیم کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ جبکہ بیشتر بڑے مدارس نے اپنے آپ کو ملک کے اجتماعی دھارے میں شریک کرنے کے لئے اپنے وسائل کی حد تک ہر ممکن کوشش کی ہے اور مطالعہ پاکستان، سوشل سائنسز(معاشیات، سیاسیات وغیرہ ) کے علاوہ انگریزی ، ریاضی ،کمپیوٹر اور انتظامی علوم وغیرہ کو بھی اپنے نصاب کا لازمی حصہ بنایا ہے۔ سوال:کیا مدارس میں یہ مضامین پڑھائے جارہے ہیں ؟ مولانا مدنی: جی بالکل پڑھائے جارہے ہیں ۔ ہم نے اپنی درس گاہ میں تعلیم کو دو شفٹوں میں تقسیم کیا ہواہے۔ پہلی شفٹ میں دینی علوم پڑھائے جاتے ہیں اور دوسری شفٹ میں عصری علوم بی اے تک باقاعدہ پڑھائے جاتے ہیں ۔ یہ سوشل سائنسزکا مستقل کالج ہے،جس کے لئے علیحدہ عملہ ہے۔ہماری درس گاہ سے ہر سال طلبا کی ایک بڑی تعداد میٹرک، ایف اے، بی اے نمایاں نمبروں سے پاس کرتی ہے جس کی گاہے بگاہے رپورٹیں ہمارے ادارے کے ترجمان ماہنامہ ’محدث‘ میں چھپتی رہتی ہیں ۔ ہمارے ادارے کا طالبات /خواتین ونگ بھی مستقل ہے جس کے تحت روایتی اقامتی دینی مدارس کے علاوہ جدید تقاضوں کے مطابق طالبات کے لئے مختلف مدتوں کے کورسز کرائے جاتے ہیں ،جن میں گریجوایشن کے بعد ایک سالہ تعلیمی نصاب بھی شامل ہے ۔ میں نے جس طرح ذکر کیا کہ ہم نے طلبا کے علاوہ طالبات کے لئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہوم اکنامکس کا ممکن حد تک اہتمام کیا ہے۔ کمپیوٹر کی تعلیم کیلئے ایک وسیع لیب موجود ہے ۔جہاں ہر سال طلبا و طالبات کی ایک بڑی تعداد کمپیوٹر کی تعلیم سے بہرہ ور