کتاب: محدث شمارہ 255 - صفحہ 65
”جب کوئی آدمی کسی عورت کے ساتھ علیحدگی اختیار کرتا ہے توتیسرا ان کے درمیان شیطان ہوتا ہے“
ہمارے ہاں ایسی مغرب زدہ عورتیں بکثرت ہیں جواپنی کہی بات کا مطلب تک نہیں جانتیں صرف اہل یورپ کی نقالی کرتیں اور ان کی زبان بولتی ہیں ، اسی استدلال سے مسلح ہیں ۔ انہوں نے نہ خلوص سے اسلام کا مطالعہ کیا ہے، نہ اس سے کوئی خیرخواہی رکھتی ہیں ۔ ایسی بیگمات کہنے لگیں : یہ کیسی رجعت پسندی ہے کہ عورت پر کیسی ناروا پابندیاں لگا دی گئی ہیں کہ وہ پردہ کرے اور چاردیواری کے اندر رہے۔
اب مغرب یہ پروپیگنڈہ کر رہا ہے کہ تم نے عورت کی آزادی سلب کرلی ہے۔ تم نے عورت کوقید کرکے اس سے دشمنی کا ثبوت دیا ہے، غرض اسی طرح کی بے ہودہ بکواس کی جاتی ہے ۔یہ مغرب کی وظیفہ خوار بیگمات ان باتوں کی حقیقت سمجھے بغیر محض رٹی رٹائی باتیں کرتی رہتی ہیں ۔ جو انہیں مغرب سکھاتا ہے، وہی کچھ وہ آکر یہاں کہتی ہیں ۔
ہم صاف کہنا چاہتے ہیں کہ اللہ کی قسم !ہم عورت کے دشمن نہیں ،بلکہ عورت کے محافظ ہیں اور ہمیں تم سے زیادہ عورت کی عزت و عظمت کاعلم ہے ۔ ہم عورت سے نفرت نہیں ،بلکہ محبت کرتے ہیں ۔ہم عورت کو ظلم و تشدد سے بچاتے ہیں اور بدقماش اور بدکار افراد سے اسے پناہ دیتے ہیں ۔ لیکن تم نے ہماری ان باتوں کی تصدیق نہ کی اور ان حقائق کو نہ سمجھا اور بھولی بھالی عورت کو دھوکہ دینے میں کامیاب ہو گئے۔ عورت نے تمھارے دھوکہ میں آکر مخلوط نظام کو تہذیب ِعین سمجھ لیا ۔اب عورت پردہ سے بے نیاز ہو کر اکیلی ڈاکٹر کے کلینک میں اس کے ساتھ رہنے لگی ۔وہ اکیلی تاجر کے سٹور پر کام کرنے لگی، سب آنے جانے والوں سے باتیں کرنے لگی، اس کے ہاتھوں کو چھوا گیا اورگویا وہ بازاروں کی نمائش بن کر رہ گئی ۔
سکولوں کالجوں میں نوجوان لڑکیاں ، لڑکوں کے ساتھ مل جل کر رہنے لگیں ۔اس کام کی ابتدا نرسری سکول سے ہوئی۔ اس وقت ہم نے کہا کہ یہ چھوٹے بچے اور بچیاں ہیں ، انہیں تو خاص باتوں کا پتہ ہی نہیں ۔ ہم مان لیتے ہیں کہ ایسے ہی ہوگا ۔ لیکن لڑکی کی شکل صورت اور اندازِ تکلم لڑکوں کے ذہن پر نقش نہیں رہتا؟ جب وہ بڑے ہوجائیں گے ،کیا انہیں بچپن کی یادیں بھول جائیں گی؟کیا نرسری سکول میں پڑھنے والے بچے اور بچیاں بلوغت کو نہیں پہنچتے اور لوگوں سے جو کچھ وہ سنتے ہیں ، کیا وہ باتیں ان کے ذہن پر نقش نہیں ہوتیں ؟ فلموں اور ڈراموں میں جو بے حیائی اور فحاشی کے مناظر دکھائے جاتے ہیں ،کیا وہ ان کے جنسی میلان کو مہمیز نہیں دیتے؟ (جاری ہے )