کتاب: محدث شمارہ 255 - صفحہ 42
اَحکام وشرائع محمد اختر صدیق مدینہ یونیورسٹی رمضان المبارک … مسائل واحکام رمضان المبارک میں نیکی کا اجر کئی گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔ رغبت رکھنے والے ہر انسان کے لئے بھلائی کے تمام دروازے کھلے ہوئے ملتے ہیں ۔ اسی بابرکت مہینہ میں قرآنِ مجید نازل ہوا۔ اس کا پہلا حصہ رحمت ، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں ،جہنم کے دروازے بند کردیے جاتے ہیں جبکہ شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتاہے۔“(مسلم:۲۴۹۲) رمضان المبارک اور پانچ خصوصیات حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پانچ خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: ”میری اُمت کو رمضان المبارک میں پانچ ایسی خصوصیات دی گئی ہیں جو پہلی کسی بھی امت کے حصہ میں نہیں آئیں : ۱) روزہ دار کے منہ کی بو اللہ تعالیٰ کے ہاں مشک کی خوشبو سے زیادہ محبوب ہے۔ ۲) روز داروں کے لئے فرشتے استغفار کرتے ہیں حتیٰ کہ وہ روزہ افطار کرلیں ۔ ۳) اللہ تعالیٰ روزانہ جنت کو مزین کرتے ہیں اور فرماتے ہیں : ”میرے نیک بندوں سے عنقریب آزمائش ختم ہوگی اور وہ تیرے اندر داخل ہوں گے۔“ ۴) شیاطین کو بند کردیا جاتاہے، وہ عام دنوں کی طرح لوگوں کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ ۵) رات کے آخری پہر لوگوں کی بخشش کی جاتی ہے۔ (مسند امام احمد:۷۸۵۷) روزہ کی فضیلت روزہ گناہوں کی بخشش کا ذریعہ ہے۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے تو اس کے پچھلے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں ۔“(البخاری:۱۹۰۱) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پنجگانہ نماز ایک سے دوسری تک، جمعہ دوسرے جمعہ تک اور رمضان دوسرے رمضان تک گناہ معاف کرنے کا سبب ہے بشرطیکہ کبیرہ گناہ سے بچا جائے۔“(مسلم:۲۳۳) روزہ کی فضیلت یہ بھی ہے کہ ا س کا اجر و ثواب لامحدود ہے بلکہ روزہ دار کو بغیر حساب کے اجر عطا فرمایا جائے گا۔ حدیث ِقدسی ہے کہ