کتاب: محدث شمارہ 255 - صفحہ 38
مقالات محمد اسلم صدیق روزے کے تربیتی پہلو اور بعض طبی مسائل مسلمانو! آج ایک عظیم او ربابرکت مہینہ تم پر سایہ فگن ہے یعنیرمضان کا مہینہ، دن کوروزہ داری اور رات کوعبادت گزاری کا مہینہ، تلاوتِ قرآن سے دلوں کو منور کرنے کامہینہ، دلوں کی تشنگی کو تلاوتِ قرآن سے سیراب کرنے کا مہینہ، دلوں کی بنجر زمین کو تلاوتِ قرآن سے شگفتہ و شاداب کرنے کا مہینہ۔ دلوں پر گناہوں کی جمی ہوئی سیاہی کو دھوکہ دینے کامہینہ، گناہوں کی بخشش اور جہنم سے آزادی حاصل کرنے کا مہینہ، صدقات و خیرات سے روح و قلب پر چھائی خشک سالی کو دور کرنے کا مہینہ۔ یہی ہے وہ مہینہ جس میں جنتوں کے دروازے کھل جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں ۔ یہی مہینہ ہے جس میں نیکیوں کا ایک لشکر ترتیب دیا جاتا ہے، سالوں کی پھیلی ہوئی بدیوں کو شکست دی جاتی ہے۔یہی مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ دعاؤں کو شرفِ قبولیت عطا کرتے ہیں ، درجات بلند کردیئے جاتے ہیں اور گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں ۔یہی وہ عہد ِمقدس ہے جس میں اللہ کی رحمتوں کی بارش ہوتی ہے اور خدا کے بندوں کو طرح طرح کے عطیات سے نوازا جاتا ہے، یہی وہ ماہِ مبارک ہے جس کے روزوں کو اللہ تعالیٰ نے اسلام کا رکن ٹھہرایا، جس کے روزے پیغمبر نے خود رکھے اور لوگوں کو رکھنے کا حکم دیا اور بتایا کہ جس شخص نے رمضان کے روزے ایمان اور احتسابِ نفس کے ساتھ رکھے، خدا اس کے تمام پچھلے گناہ معاف کردے گا۔ اسی مہینے میں وہ مقدس رات ہے جس کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے۔ بڑا بدبخت ہے وہ شخص جو اس کی بے پایاں سعادتوں سے محروم رہا۔ اے لوگو! اخلاص کے ساتھ صیام و قیام کے اہتمام میں اپنی جان کو کھپا دو۔ یہی وقت ہے نیکیوں میں آگے بڑھنے کا۔اللہ کے حضور تمام برائیوں سے سچی توبہ کرنے میں جلدی کرو۔ بھلائی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے سے خیر خواہی اور تعاون کرو۔ امربالمعروف کی نصیحت اور نہی عن المنکر کی تلقین کرو۔ اسی میں کامیابی کا راز اور اجر ِعظیم کا وعدہ ہے۔ روزہ میں بے شمار فوائد اور عظیم حکمتیں پنہاں ہیں ۔ روزہ ہی ہے جونفس کو غلاظتوں ، اخلاقِ رذیلہ اور کبروبخل ایسے اوصافِ ذمیمہ سے پاک کرتا ہے، پھر روزہ ہی وہ عمل ہے ، جس سے انسان کے اندر صبر، بردباری، جودوسخا اور نفس کو مغلوب کرنے کی قوت جیسی صفاتِ حمیدہ پیداہوتی ہیں ۔ روزے کے تربیتی پہلو (۱) روزہ سے عبادت میں انہماک او ربندگی کو صرف اللہ کے لئے خالص کردینے کا عقیدہ پیدا ہوتا