کتاب: محدث شمارہ 253 - صفحہ 52
”یہ اجلاس ملک کے عوام سے پرزور اپیل کرتا ہے کہ وہ اندرونی اور بیرونی خطرات کے پیش نظر مکمل یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردینے کا عہد کریں ۔نیز یہ اجلاس حکومت ِپاکستان سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا وسائل کو کسی ملک یا شخص کے خلاف بلا جواز کارروائی کے لئے استعمال نہ ہونے دیں ۔ پوری قوم کا یہ نمائندہ اجلاس دو ٹوک اعلان کرتا ہے کہ حکومت ِپاکستان کی جانب سے اس قسم کی کوئی کمزوری قوم کسی قیمت پر برداشت نہیں کرے گی۔“
(انصاف، نوائے وقت، ایشیا)
جنرل پرویز مشرف کی وضاحت
پاکستان میں امریکی افواج کو اڈّے فراہم کرنے کے خدشات کے خلاف پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔ لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں مختلف جماعتوں کی طرف سے جلوس نکالے گئے۔ ۱۷ اور۱۸/ ستمبر کے روز لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ اور خواتین کی جانب سے بڑے جلوس نکالے گئے۔ پشاور میں طلبہ پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا، کراچی میں احتجاج کرنے والے ۱۴/ افراد کو گرفتار کیا گیا۔اسلام آباد میں انہی دنوں کفن پوش جلوس نکالا گیا۔جبکہ سوات، مالاکنڈ، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ قومی اخبارات نے اپنے اداریوں میں مطالبہ کیا کہ حکومت احتجاج کرنے والوں پر پولیس یا دوسری فورسز کو تشدد نہ کرنے دے۔ دفاعِ پاکستان اور افغانستان کونسل نے ۲۱/ستمبر کو ملک بھر میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی۔ پاکستانی عوام کے بڑھتے ہوئے اشتعال اور ردعمل کو ٹھنڈا کرنے اور اپنے تئیں پاکستانی قوم کو اعتماد میں لینے کے لئے جنرل پرویز مشرف نے ۱۹/ ستمبر کو قوم سے مفصل خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے حکومتی پالیسی کے حق میں دلیل اور موجودہ سنگین حالات میں حکومتی مشکلات کے علاوہ اپنے فیصلوں کی تائید کے لئے قرآن و سنت سے بھی ’مضبوط دلائل‘ کا سہارا لیا۔ جناب پرویز مشرف کی تقریر کے اہم نکات حسب ذیل ہیں :
۱۔ ”پاکستان کی سا لمیت اور دفاع ہماری اولین ترجیح ہے اورہمارا ہر فیصلہ ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔
۲۔ اس وقت پاکستان کو انتہائی نازک دور کا سامنا ہے۔ اس وقت ہمارے فیصلوں کے دور رَس اور وسیع نتائج نکل سکتے ہیں ، ملک کسی غلط فیصلے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
۳۔ ہماری نظر میں ضروری ترجیحات چار ہیں : (اوّل) بیرونی خطرات سے حفاظت اور سا لمیت، (دوم) ہماری معیشت کی بحالی ، (سوم) ہمارے سٹریٹجک اثاثوں ، نیوکلیئر اور میزائل کی حفاظت، (چہارم) کشمیر کاز۔
۴۔ اس دہشت گردی سے امریکہ میں شدید غم ، غصہ اور انتقام کی لہر دوڑ اٹھی ہے۔ان کا پہلا ٹارگٹ