کتاب: محدث شمارہ 25 - صفحہ 48
نام کتاب : حسناتی نظمیں حصہ اول : 32 صفحات قیمت : 90 پیسے حصہ دوم : 32 صفحات قیمت : 90 پیسے حصہ سوم : 24 صفحات قیمت : 75 پیسے آسان نظمیں : 32 صفحات قیمت : 90 پیسے ناشر : ادارہ الحسنات ۴۔اے ذیلدار پارک اچھرہ لاہور حسناتی نظمیں (حصہ اول، دوم، سوم) بچوں کے لئے مختلف شعراء کی اسلامی اور اخلاقی نظموں کے مجموعے ہیں۔ ’آسان نظمیں‘ حافظ دھام پوری کی اسی نوعیت کی نظموں کا مجموعہ ہے۔ بچوں کے لئے عام طور پر تفریحی اور مزاحیہ انداز کی نظمیں لکھی جاتی ہیں۔ اس میں اگرچہ کوئی قباحت تو نہیں لیکن بچوں کی تربیت کے پیشِ نظر مناسب یہی ہے کہ ان کے لئے حسناتی نظمیں اور آسان نظموں کے انداز کو اپنایا جائے۔ یہ نظمیں عمومی طور پر سادہ زبان اور دلچسپ پیرایہ میں کہی گئی ہیں اور ’ادرۂ الحسنات‘ نے انہیں بڑی خوبصورت گٹ اپ کے ساتھ پیش کیا ہے۔ سرورق جاذبِ نظر، کاغذ عمدہ، طباعت و کتابت اعلیٰ، غرض صوری و معنوی لحاظ سے نظموں کے یہ مجموعے قابل تحسین و تعریف ہیں۔ -------------------------- نام کتاب : دلیلِ سحر مصنف : شیخ الحدیث مولانا عبد الحق (اکوڑۃ خٹک) ضخامت : 48 صفحات قیمت : 50/1 روپے ملنے کا پتہ : عزیز پبلیکیشنز۔ 56 میکلوڈ روڈ لاہور دلیل سحر جمعیت علمائے اسلام کے سر کردہ راہنما شیخ الحدیث مولانا عبد الحق (اکوڑہ خٹک) کی ان تقاریر کا مجموعہ ہے جو انہوں نے ایم۔ این۔ اے کی حیثیت سے قومی اسمبلی کے مختلف اجلاسوں میں کیں۔ مولانا موصوف اگرچہ دینی اور علمی حلقوں میں پہلے سے ہی ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں لیکن بے دین سیاست کی وادیٔ پر خار میں قدم رکھتے ہوئے انہوں نے جس طرح بعض اسلامی دفعات کے لئے آواز اُٹھائی ہے، وہ لائقِ صد تحسین ہے، خصوصاً متجد دین، علماء کے جزوی اور فروعی مسائل کو بہانہ بنا کر اسلام پر جو کلہاڑا چلاتے ہیں۔ موصوف نے حزبِ اختلاف کی صفوں میں ہوتے ہوئے اس کا اچھا دفاع کیا ہے اور غوطۂ آرائی میں مسلم کی متفقہ تعریف پیش کر کے دینی حلقوں سے خوب داد وصول کی ہے۔ ان تقاریر کو جناب شمس القمر قاسمی نے مرتب کیا ہے۔ مرتب کا پیش لفظ رنگینیٔ عبارت اور معلومات کے لحاظ سے قابل قدر ہے۔ لیکن اگر علماء کی خدمات کے تذکرہ میں کسی خاص مکتبۂ فکر کی بجائے ذرا وسعتِ قلبی سے کام لیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔