کتاب: محدث شمارہ 25 - صفحہ 46
تعارف و تبصرۂ کتب خواجہ عبد المنان رازؔ ایم۔اے۔ نام کتاب : ہم ماتم کیوں نہیں کرتے؟ مؤلف : مولانا قاضی مظہر حسین ضخامت : 48 صفحات قیمت : 1 روپیہ ملنے کا پتہ : منیر اقبال، دواخانہ عثمانیہ جامع مسجد برکت علی ذیلدار روڈ اچھرہ لاہور ’ہم ماتم کیں نہیں کرتے‘ اڑتالیس صفحے کا کتابچہ ہے جو ایک پمفلٹ بعنوان ’ہم ماتم کیوں کرتے ہیں‘ اور سائیکلو سٹائل کی ہوئی ’کھلی چٹھی بنام مظہر حسین مولوی چودھویں صدی‘ کے جواب میں قاضی مظہر حسین صاحب امیر خدام اہل سنت والجماعت صوبہ پنجاب نے لکھا ہے۔ قاضی صاحب نے قرآنی آیات، احادیثِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم اور ائمہ کرام رحمہ اللہ کے اقوال سے ثابت کیا ہے کہ شہادتِ حسین رضی اللہ عنہ کے سلسلہ میں مروجہ ماتم دینِ اسلام کی رو سے حرام ہے۔ اپنے موقف کی تائید میں قاضی صاحب نے ائمہ اہل بیت حضرت امام باقر رحمہ اللہ اور امام جعفر صادق رحمہ اللہ کے ارشادات بھی نقل کیے ہیں۔ یہ کتابچہ ’ماتم‘ کے موضوع پر ٹھوس دلائل پیش کرتا ہے۔ انداز بیاں چونکہ جوابی ہے اس لئے بعض جگہ پر ’تلخ نوائی‘ کا احساس ہوتا ہے۔ اگرچہ فریق ثانی نے جو تحریری رویہ اختیار کیا ہے (اور وہ کھلی چٹھی کے عنوان سے واضح ہے) یہ تلخ نوای اس کا فطری رد عمل ہے لیکن افہام و تفہیم کا فریضہ اس امر کا متقاضی ہے کہ انسان ذاتی چوٹ بھلا کر دوسرے کے فکری و نظری کھوٹ کو دور کرنے میں مخلصانہ اور ہمدردانہ رویہ اختیار کرے۔ بہرحال موضوع کے لحاظ سے قاضی صاحب کی کاوش قابلِ قدر ہے۔ ----------------------- نام کتاب : ڈھول کا پول مصنف : مبلغ اسلام محمد امین (سابق مہنگا پادری) ضخامت : 88 صفحات قیمت : 50/1 روپے ملنے کا پتہ : عوامی اسلامک مشن سول لائن لاہور ’ڈھول کا پول انہی کی زبانی‘ کا موضوع یہ ہے کہ کیا موجودہ بائبل الہامی کتاب ہے یا غیر الہامی؟ یہ کتابچہ مبلغِ اسلام محمد امین کی تصنیف ہے جو کہ نو مسلم ہیں اور مہنگا پادری کے نام سے معروف تھے، اور ہیں۔ اپنا تعارف کراتے ہوئے وہ لکھتے ہیں کہ ’آج تک مجھے کسی مسلمان بھائی نے اسلام کی دعوت نہیں دی بلکہ میری تحقیق چالیس سالہ نے یہ ثابت کیا کہ یہ مذہب افراط و تفریط کے مابین اعتدال کی تعلیم دینے والا ہے۔‘