کتاب: محدث شمارہ 246 - صفحہ 68
شہزادی حکومت کررہی تھی۔ شہزادی نے ابویوسف کوپیغام بھجوایا کہ عورتوں پر حملہ کرنا بہادروں کا شیوہ نہیں ۔ ابویوسف نے شہزادی کو سلام بھجوایا اور محاصرہ فوراً اٹھا لیا۔“ (ایضاً:ص۱۳۰) مسلم فاتحین کے اس حسن سلوک کے نتیجہ میں وہاں کے خاص و عام میں اسلام کس تیزی اور سرعت سے پھیلا، یہ تاریخ کا ایک الگ سنہری باب ہے جو ہمارے موضوع سے تعلق نہیں رکھتا، لہٰذا ہم اپنے موضوع کی طرف واپس پلٹتے ہوئے اب مفتوح اقوام کے ساتھ غیر مسلم فاتحین کے ’حسن سلوک‘ کی چند مثالیں پیش کرتے ہیں : ۶۱۳ء میں شہنشاہِ ایران خسرو پرویز نے قیصر روم ہرقل کو شکست دی تو ہرقل نے صلح کی درخواست کے لئے اپنا ایک وفد خسرو کے پاس بھیجا۔ خسرو نے سربراہِ وفد کی جیتے جی کھال کھنچوا دی اور باقی ارکانِ وفد کو قید کردیا اور صلح کی پیشکش کے جواب میں جو خط لکھا اس کا سرنامہ یہ تھا۔ خسرو، خداوند ِبزرگ، فرمانروائے عالم کی جانب سے اس کے احمق او رکمینہ غلام ہرقل کے نام“ (الجہاد فی الاسلام، ص۲۰۹) خسرو نے صلح کے لئے جوشرائط مقرر کیں، وہ یہ تھیں : ”ڈھائی لاکھ پونڈ سونا، ڈھائی لاکھ پونڈ چاندی، ایک ہزار ریشمی تھان، ایک ہزار گھوڑے کے ساتھ ایک ہزار کنواری لڑکیاں، ہرقل ادا کرے گا۔ ہرقل نے یہ سب کچھ دینا منظور کرلیا تو خسرو نے مزید مطالبہ یہ کیا کہ ہرقل زنجیروں میں جکڑا ہوا میرے تخت کے نیچے ہونا چاہئے اورمیں اس وقت تک صلح نہیں کروں گا جب تک شہنشاہِ روم اپنے مصلوب خداکو چھوڑ کر سورج دیوتا کے آگے سر نہ جھکائے۔“ (غزواتِ مقدس: ص۲۵۸) تیسری صلیبی جنگ میں برطانیہ کے ’شیردل‘ رچرڈ اوّل (۱۱۸۹ء۔ ۱۱۹۹ء) نے اسلامی فوج کے ایک دستے کو جو تین ہزار افراد پر مشتمل تھا، وعدہ معافی دے کر ہتھیار رکھوا لئے اور بعد میں سب کو قتل کرڈالا۔ (یورپ پر اسلام کے احسان، ص۸۳) ۱۸۳۷ء میں فرانس نے الجزائر کا دارالحکومت قسطنطنیہ فتح کیا تو اس کی فوجیں تین دن تک قتل و غارت میں مشغول رہیں ۔ ( الجہاد فی الاسلام، ص۵۷۵) ۱۸۵۷ء میں انگریزوں نے جب دِلی فتح کی تو فاتح قوم نے مفتوح قوم کے ساتھ جس درندگی، وحشت اور بربریت کا مظاہرہ کیا، تاریخ انسانی اس کے ماتم سے قیامت تک فارغ نہیں ہوسکے گی۔ انگریزوں کے ظلم اور بربریت کی چند جھلکیاں ملاحظہ ہوں : ۱۔ دہلی میں جس شخص کے چہرے پر داڑھی نظر آتی یا جس کا پاجامہ اونچا ہوتا، اسے تختہ دار پر لٹکا دیا جاتا۔ (سوانح سیدعطاء اللہ شاہ بخاری از شورش کاشمیری: ص۱۳۷،۱۳۸)