کتاب: محدث شمارہ 246 - صفحہ 55
اسلام منوانا مطلوب ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے پہلے یہی شرط مقرر فرماتے کہ جو شخص مسلمان ہوجائے، اسے رہا کردیا جائے گا، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا نہیں فرمایا۔ ۲۔ غزوہ بنو نضیر میں یہودیوں پرمکمل غلبہ حاصل کرنے کے بعد از راہِ عفو وکرم ان کی جان بخشی کی اور پورے امن اور سلامتی کے ساتھ انہیں مدینہ منورہ سے نکلنے کا راستہ بھی دیا۔ اگر آپ تلوار کے زور سے اسلام منوانا چاہتے تو اس سے بہتر موقع اور کون سا تھا…؟ ۳۔ سقوطِ مکہ کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عام معافی کا اعلان فرمایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کاجاری کردہ فرمان تاریخ کے اَوراق میں سنہری حروف سے ثبت ہے: ”جو ہتھیار ڈال دے، اسے قتل نہ کیا جائے۔جو حرم میں داخل ہوجائے، اسے قتل نہ کیا جائے۔ جو اپنے گھر کے اندر بیٹھا رہے، اسے قتل نہ کیا جائے۔جوابوسفیان کے گھر میں پناہ لے لے،اسے قتل نہ کیا جائے۔ جو حکیم بن حزام کے گھر میں پناہ لے لے، اسے قتل نہ کیا جائے“ کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے فرمانِ مبارک میں ان الفاظ کااضافہ نہیں فرماسکتے تھے ”جو اسلام لے آئے، اسے قتل نہ کیا جائے!“ یقینا ایسا ممکن تھا، لیکن تلوار کے زور سے اسلام منوانا چونکہ اسلام کے ارفع و اعلیٰ اصولوں کے خلاف تھا، لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا نہیں کیا۔ ۴۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا غلام ’اسبق‘ عیسائی تھا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ اسے اسلام کی دعوت دیتے تو وہ انکار کردیتا تو آپ فرماتے ﴿لاَ إِکْراهَ فِیْ الدِّيْنِ﴾ یعنی دین منوانے میں زبردستی نہیں ہے۔ (ابن کثیر) حقیقت یہ ہے کہ اشاعت ِاسلام کے سلسلے میں اسلامی تعلیمات اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا طرزِ عمل اس قدر وسیع النظری اور عالی ظرفی پر مبنی ہے کہ تنگ نظر اور متعصّب دشمنانِ اسلام اس کا تصور تک نہیں کرسکتے۔ اب یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہوچکی ہے کہ جہاں اقوامِ عالم کی جنگوں کے سب سے بڑے مقاصد میں سے اولاً حصولِ دولت/ جلب ِزر، کمزور اقوام کے وسائل معیشت و تجارت پر قبضہ کرنا اور ثانیاً مذہبی جبر سرفہرست ہیں، وہاں جہادِ اسلامی کے مقاصد کو ان دونوں چیزوں سے دور کا بھی واسطہ نہیں ۔ اس وضاحت کے بعد یہ سوال باقی رہ جاتا ہے کہ جہادِ اسلامی کے مقاصد ہیں کیا…؟ ذیل میں ہم جہادِ اسلامی کے اغراض و مقاصد تحریر کر رہے ہیں تاکہ اقوامِ عالم کی جنگوں کے مقاصد کا جہادِ اسلامی کے مقاصد سے تقابل کیا جاسکے : جہاد اسلامی کے مقاصد جہاد اسلامی کے اہم ترین مقاصد درج ذیل ہیں :
[1] ڈائریکٹر شریعہ اکیڈمی، اسلام آباد