کتاب: محدث شمارہ 245 - صفحہ 29
فرمائے، انہیں راہ راست پر قائم رکھے او رمسلمانوں کوان کا احترام اور ان سے استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے! کویت کی معروف علمی شخصیت، شیخ عبد الرحمن بن عبد الخالق آپ کے بارے میں فرماتے ہیں : ” شیخ ابن عثیمین ایک مربی عالم اور اسلام اور مسلمانوں کے خیر خواہ تھے جنہوں نے اسلام کی تبلیغ کے لئے اپنے علم، قلم، تعلیم اور طرزِعمل اور ادب کو پوری دنیا میں پھیلایا۔ جب میں رُبع صدی قبل یا اس سے بھی پہلے اولین مرتبہ آپ کی کتب اور رسائل کی معرفت آپ کی شخصیت سے واقف ہوا تو مجھے ان کتب میں ایک متقی، زاہد، محقق اور معلم انسان کی تصویر نظر آئی اور جب آپ مجھ سے واقف ہوئے تو جو کوئی بھی آپ سے ملاقات کرنے جاتا تو اسے میرے لئے سلام کہتے۔ لیکن جب میں آپ سے ملا تو میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ آپ تو تواضع و انکساری، اَخلاقِ عالیہ، دنیا سے بے رغبتی، دین اسلام سے محبت اور تمام مسلمانوں کے لئے خیر خواہی، اسلام میں پیدا کئے جانے والے رخنوں کو بند کرنے اور پوری دنیا میں مسلمانوں کے معاملات سے دلچسپی رکھنے کے اعتبار سے سلف صالحین کی مثال ہیں ۔ اور جب میری آپ سے مجلس ہوئی اور میں نے آپ کو قریب سے دیکھا تو مجھے آپ ایک خداطلب اور آخرت پرست انسان نظر آئے جن کے ہاں دنیا کسی شمارمیں نہیں تھی مگر اتنی کہ آپ اس سے گزر کر دارِآخرت کو سدھار گئے۔ آپ نے پچاس سال سے زائد عرصہ تک تعلیم و تعلّم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا۔ دین و اسلام کی نشرواشاعت اور اس کے مطابق عمل کا فریضہ انجام دیا۔ آپ ایک مربی اور باعمل عالم تھے۔ آپ نے ہر جگہ اپنے علم و عمل کے پودے لگائے اور سب سے بہترین فصل ارض چیچنیا سے کاٹی جو آپ نے یورپ میں امریکیوں کے خلاف بوئی تھی۔ ہر علاقے اور ہر ملک میں آپ کے لگائے ہوئے تروتازہ پھول بلکہ طول طویل پودے موجود ہیں جو ہر وقت اللہ کے حکم سے اپنا پھل دے رہے ہیں ۔ یہ اللہ کا فضل ہے ، جسے چاہے عنایت کردے!! ہمارے شیخ اور متبحر عالم اپنے بھائیوں اور ساتھیوں کے پیچھے چلے گئے کہ اگر ان میں سے کسی ایک کا ذکر آتا تو سب کا تذکرہ ہوتا اور یوں کہا جاتا: ابن باز، ابن عثیمین اور علامہ البانی۔ آج جب ہم اپنے دائیں بائیں دیکھتے ہیں اور مشرق و مغرب میں اپنی نگاہ دوڑاتے ہیں تو ہماری نگاہ تھک کر نامراد پلٹ آتی ہے۔ عالم اسلام پر ایک آنسو تھا جو میں دنیا کے آخری مصلح کے چلے جانے کے بعد بہا رہا ہوں ۔“ ٭ ٭ _________________________________________________________________ ماٰخذ: مجلہ ’الوعی الاسلامی‘ کویت، وزارتِ اوقاف ، کویت (انٹرنیٹ ایڈیشن) ٭ ویب سائٹ: www.Salfi.net، انچارج، شیخ عبد الرحمن عبد الخالق ٭ مجلہ سیاحة الأمة اسلام آباد، فروری ۲۰۰۱ء ، مضمون شیخ ابن عثیمین از شیخ عاصم القریوتی، مدینہ منورة ٭ ریاض کے عربی روزنامے ’الریاض‘ اور ’الجزیرة‘… ۱۶/شوال ۱۴۲۱ھ