کتاب: محدث شمارہ 244 - صفحہ 78
میڈیا کی پہنچ اتنی وسیع ہے کہ اس سے عالمی رائے عامہ کو ایک رُخ پر ڈالنا آسان ہوگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کا رویہ تاریخی تعصب اور غیر معقولیت کا آئینہ دار ہے۔ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشمکش میں مغربی میڈیا نے بے حد جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت کی ہے۔ فلسطین کے ساتھ غیر منصفانہ برتاؤ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو تشدد پسند بنا کر پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کو ہر جھاڑی کے پیچھے اُسامہ بن لادن نظر آتا ہے۔ حقانی صاحب نے کہاکہ دنیا کے متعدد ممالک میں اسلامی تحریکیں چل رہی ہیں ، ان میں سے کچھ انتہا پسند بھی ہیں ، مگر مغربی میڈیا سب کو ایک ہی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ کسی ولن کو ہیرو اور ہیرو کو ولن بنا دینا مغرب کا بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک ایک موٴثر اسلامی نیوز ایجنسی تک نہیں بناسکے تو ہم مغربی میڈیا کی ڈس انفارمیشن کا مقابلہ کیسے کرسکتے ہیں ۔مغربی میڈیا کے مخالفانہ حملوں کا توڑ اس وقت غیرمعمولی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ لوہے کو کاٹنے کے لئے لوہا پیدا کیا جائے۔ ورنہ اذہان کی جنگ میں ہم اسی طرح شکست کھاتے رہیں گے۔ (۲۳) پروفیسر عبدالجبار شاکر اس کانفرنس کے تمام اجلاسوں میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض نبھاتے رہے۔ مختلف زبانوں میں تقریر کرنے والے مقررین کا تعارف جس خوبصورت اور متین انداز میں شاکر صاحب نے کروایا، وہ انہی کا ہی خاصہ ہے۔ سٹیج سیکرٹری شپ کے علاوہ دانش و حکمت کے اس عالمی میلے میں شاکر صاحب نے فکری موتی بکھیرنے میں بھی برابر کا حصہ لیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بعض نادر سفارشات کیں ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ عالم اسلام میں مختلف شعبوں کے ماہرین پرمشتمل Expert city قائم کئے جائیں جو امت ِمسلمہ کے لئے تھنک ٹینک کا فریضہ انجام دیں ۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ عالم اسلام استحصالی یورپ سے اپنے خلاف کی جانے والی زیادتیوں کا حساب مانگے۔ پورے دو سوسال تک مغربی استحصالی طاقتیں عالم اسلام کے وسائل لوٹ کر اپنے خزانے بھرتی رہی ہیں ، امت ِمسلمہ کو یورپ سے ان لوٹے ہوئے وسائل کی واپسی کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ عالمی سطح پر اسلامی معاشیات کے موضوع پر تحقیقی انسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے۔ (۲۴) راجہ ظفرالحق صاحب پاکستان مسلم لیگ کے کنوینر اورپاکستانی سیاست کی قابل قدر شخصیت ہیں ۔ اسلامی دنیا میں بھی انہیں احترام کے نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔ راجہ صاحب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ موٴتمر اسلامی کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں ۔ راجہ ظفر الحق نے کشمیر کی صورتحال کے متعلق عالم اسلام کی طرف سے بے پروائی پر سخت افسوس کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ستر ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری ہندوستانی اَفواج کے ہاتھوں شہید کئے جاچکے ہیں ۔ اسرائیلی افواج فلسطینی مسلمانوں کو ہلاک کر رہی ہیں۔