کتاب: محدث شمارہ 244 - صفحہ 64
تاثرات ومشاہدات محمد عطا ء اللہ صدیقی بین الاقوامی اِسلامی کانفرنس … مختصر روداد بہت طویل عرصہ کے بعد عالم اسلام کے نامور دانشوروں کا ایک زبردست اجتماع شہر لاہور میں منعقد ہوا۔ لاہور جسے چوتھی اسلامی سربراہی کانفرنس (۱۹۷۳ء) کی میزبانی کا شرف حاصل ہے، انٹرنیشنل اسلامی کانفرنس (۲۰۰۰ء) کے مندوبین کی میزبانی کا اعزاز بھی اسے میسر آیا۔ اسلامی سربراہی کانفرنس اگر اسلامی ریاستوں کے سربراہوں کی کہکشاں کا منظر پیش کر رہی تھی تو انٹرنیشنل اسلامی کانفرنس عالم اسلام کے منتخب حکمت و دانش کے روشن ستاروں کی شرکت پر بجا طور پرناز کرسکتی ہے۔اس کانفرنس کا انعقاد ملت ِاسلامیہ کے اتحاد کے عظیم علمبردار حکیم الامت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے نام پر قائم ہونے والے عظیم تہذیبی و ثقافتی مرکز ’ایوانِ اقبال‘ میں موٴرخہ ۳ تا ۵ نومبر ۲۰۰۰ء کو کیا گیا۔ یہ عظیم کانفرنس مجلس التحقیق الاسلامی کے شعبہٴ رابطہ ’فلاح فاؤنڈیشن ‘ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔ فلاح فاؤنڈیشن کے سرپرست صدرِ پاکستان، وائس چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) خلیل الرحمن خان اورمینیجنگ ڈائریکٹر حافظ عبدالرحمن مدنی (مدیر اعلیٰ ماہنامہ محدث) ہیں ۔ تین روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کے روزانہ دو سیشن ہوتے رہے، ہر سیشن کا دورانیہ تقریباً پانچ گھنٹوں پر محیط تھا۔ انٹرنیشنل اسلامی کانفرنس کا مرکزی موضوع ’نئے ہزاریئے میں اُمت ِمسلمہ کو درپیش چیلنج‘ تھا۔ بیس اسلامی ملکوں کے نامور دانشوروں کے علاوہ پاکستان سے بھی کثیر تعداد میں منتخب نابغہ روزگار شخصیات نے مختلف موضوعات پر مقالات پیش کئے۔ تین دنوں میں تقریباً تین درجن دانشوروں نے انگریزی، عربی اور اُردو زبان میں علمی و فکری موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ ان مقررین کے فکر انگیز مقالات کو سننا اہل ذوق کے لئے حد درجہ روحانی مسرت کا باعث تھا۔ ان تمام خطبات کی وڈیوکیسٹس تیار کر لی گئی ہیں اور پروگرام یہ ہے کہ ان کو عربی، انگریزی اور اردو زبان میں کتابی شکل میں شائع کیا جائے، اسکے ساتھ مجلس التحقیق الاسلامی کے آرگن ماہنامہ محدث میں اس کانفرنس کے منتخب مقالہ جات ، انگریزی او رعربی سے ترجمہ کرا کے شائع کئے جاتے رہیں گے۔ اردو کے ساتھ ساتھ دیگر زبانوں میں پڑھے جانے والے مقالہ جات کے ترجمہ وتدوین کا کام شروع کردیا گیا ہے۔اگر عالم اسلام کے فاضل علماء وحکماء کے خیالات زیورِ طبع سے آراستہ ہوجاتے ہیں تو راقم الحروف