کتاب: محدث شمارہ 244 - صفحہ 103
کو انہی کی زبان میں دعوتِ خطاب دینے کے لئے جناب زبیر عقیل سٹیج پر آئے او رانہوں نے سعودی عرب کی دبنگ علمی شخصیت ، جامعہ کی مجلس تاسیسی (مجلس التحقیق الاسلامی) کے رکن ڈاکٹر شیخ عبد اللہ الجلالی کو سعودی حکومت ، مہمان خصوصی وزیر عدل وانصاف اور ملت اسلامیہ کے جلیل القدر مہمان علماکی خدمات کا عربی میں تعارف کرانے کے لئے انہیں دعوتِ خطاب دی۔ شیخ عبداللہ بن حمد الجلالی نے فرمایاکہ میں اپنی طرف سے اورمدیر جامعہ لاہور الاسلامیہ حافظ عبدالرحمن مدنی کی طرف سے ، وزیر عدل ڈاکٹر شیخ عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ اور سعودی حکومت کے موٴسسین کو جنہوں نے خطہ حجاز میں اَمن و امان کی فضا پیدا کی اور قوانین اسلام کا نفاذ کیا، اور جملہ مہمان علما کو جامعہ میں تشریف آوری پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔ اسی طرح بالخصوص سعودی عرب کی نامور علمی اور سماجی شخصیت شیخ صالح بن غانم السدلان کو بھی اس جامعہ میں رونق افروزہونے پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔ بعد اَزاں مدیر الجامعہ مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے معزز مہمانوں اور تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور تقریب میں شرکت پر جامعہ کے اساتذہ او رذمہ داران ومعاونین کی طرف سے خلوص دل سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ جامعہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ جامعہ لاہور الاسلامیہ جس کی بنیاد ۱۹۷۹ء میں رکھی گئی، صرف ایک علمی ادارہ نہیں بلکہ عنقریب یہ کلمہ حق کی سربلندی کے لئے ایک علمی اور اسلامی تحریک کا کردار ادا کرے گا(ان شاء اللہ)۔ یہ ادارہ مذہبی تعصبات سے ہٹ کر قرآن وحدیث کے علوم اور ائمہ فقہا کے اَفکار سے استفادہ کرنے کے ذریعے (کتاب و سنت کو ہی شریعت سمجھنے کے منہج پر) علم کی روشنی پھیلا رہاہے۔ جامعہ ہذامیں دینی اور عصری نصاب تعلیم کا امتزاج کرکے ایک ایسا مثالی نظام ونصاب تشکیل دیا گیا ہے جو عالم عرب کی مشہور یونیورسٹیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے فرمایاکہ جامعہ کے قیام کا مقصد قرآن وحدیث کے علوم کی اشاعت، ائمہ فقہا کے فقہ واصول کا تعارف،مسلمان نوجوانوں کو اسلامی تہذیب سے آراستہ کرنا، زندگی کے تمام شعبوں میں ماہر علماء اور مفکرین تیار کرنا جو علیٰ وجہ البصیرت دعوت و تحقیق کا کام کرسکیں ، بالخصوص اسلامی قانون کے ماہر جج اور وکلا تیار کرنا تاکہ وہ عدالتوں میں اسلامی شریعت کے نفاذ کی کوششوں میں شریک ہوسکیں ۔انہوں نے فرمایا کہ جامعہ میں درج ذیل شعبہ جات کام کر رہے ہیں : ۱۔ المعہد العالی للشریعہ والقضاء:جس کا مقصد اسلامی معاشرہ کے قیام کے لئے مناسب افراد تیار کرنا او رایسے ماہر شریعت وقانون جج تیار کرنا جو شریعت اسلامیہ کے مطابق فیصلے کرسکیں ۔ ۲۔ کلیۃالشریعہ:یہ اپنی نوعیت کا پاکستان میں پہلا کالج ہے جس میں فقہی بصیرت کے ساتھ ساتھ اُمت کے تمام فقہی ذخیرے سے طلبا کو آگاہ کرایا جاتا ہے او راعتدال وتوازن سے اس سے استفادہ