کتاب: محدث شمارہ 244 - صفحہ 100
سڑکوں پر دن رات کام کرتی ہیں ۔ ۱۹۹۲ء میں ’ٹیئر فنڈ‘ نے ایسی لڑکیوں اوران کے خاندانوں کی نفسیاتی، عملی اور قانونی امداد کرنے پر 29,710 پونڈ خرچ کئے جس سے آج جنوبی امریکہ کی ۲۷ فیصد آبادی عیسائی ہے۔
٭ سوڈان کے آوارہ گرد قبائل کو ان کی زبان میں کتب ِمقدسہ فراہم کی گئیں ۔
یہ لوگ دہلی کے گندے محلوں ، میکسیکو کے جھونپڑیوں پرمشتمل قصبات، نیپال کے پہاڑوں اورافریقہ کے میدانوں میں انجیل کی خوشخبری اور صحت پہنچانے کی غرض سے سخت محنت کر رہے ہیں ۔
تبلیغ عیسائیت کا ایک عالمی منصوبہ
اسلام کو مغلوب کرنے کے عیسائی منصوبہ کا انکشاف ہوا ہے۔ اس منصوبہ کی تکمیل کے لئے ۷۰ لاکھ مبلغین اور ۸۷۰ اَرب ڈالر مختص کئے گئے ہیں ۔ اور اس کے لئے ۱۰ ہزار مواصلاتی چینل کام کریں گے۔ اس خوفناک منصوبہ میں دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہزارہا عیسائی تنظیمیں اَربوں ڈالر، کروڑوں انجیل کے نسخے اور دوسری مذہبی کتابیں مبلغین کی فوج کے ذریعے تقسیم کریں گی۔ تمام دنیا کے ۲۴ ملین پتوں پر ۳۶۰ زبانوں میں ترجمہ کرکے عیسائیت سے متعلق لٹریچر بھیجا جائے گا۔ ہر سال اس موضوع پر ۹ لاکھ مختلف کتابیں شائع ہوں گی۔ اس تسلسل کے ساتھ ۶۵ ہزار ۵۷۱ مختلف کتابیں صرف حیاتِ مسیح کے بارے میں ہوں گی۔
اس وقت دنیا میں تقریباً ۵۱ لاکھ، ۵۱ ہزار افراد خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ ہالینڈ کی ایک عیسائی تنظیم کا کام صرف تارکین وطن کے فلیٹوں اور گھروں میں جاکر’ مسیح کا پیغام‘ سنانا ہے۔
لندن یونیورسٹی میں ڈچ مستشرقین نے سات سو سال قبل ایک عربی و اسلامی انسٹیٹیوٹ کی بنیاد رکھی تھی جس کا مقصد دین اسلام سے متعلق نئے نئے فتنے کھڑے کرنا اور مسلمانوں کی نئی نسل میں فکری تشکیک کی فضا پیدا کرنا تھا۔ وہاں پر ہونے والے ایک مذاکرہ میں لاہور سے جانے والے نمائندہ کو ایک خطرناک مسلمان صحافی سمجھ کر شرکت سے روک دیا گیا تھا۔ قاہرہ میں ایک مدرسہ ہے جس میں عیسائی مناظرین تیار کئے جاتے ہیں جو انگریزی، عربی او راردو میں یکساں روانی سے گفتگو کرتے ہیں ۔
اگر میری اس کاوش سے آپ کے ذہنوں میں عیسائیوں کے عزائم اور ان کی تکمیل کا کچھ خاکہ بن گیا ہو تو میری اس تحریر کا مقصد پورا ہوگیا ، اللہ ہم مسلمانوں کو سمجھنے اور اسلام کے عالمی پیغام کو دوسروں تک پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ (وآخردعونا ان الحمدلله رب العٰلمين)