کتاب: محدث شمارہ 243 - صفحہ 7
ضرور ظاہر ہو تا ہے کہ اسلامی بینکاری کی ضرورت کا احساس پا یا جا تا ہے ۔ابھی حال ہی میں پاکستان کی سپریم کورٹ کے شریعت اپلیٹ بنچ نے پاکستان میں ہر طرح کی سودی بینکاری کو حرام قرار دیتے ہوئے حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ جون 2001ءتک اپنے تمام اداروں میں غیر سودی بینکاری کو رائج کرنے کے اقدامات کرے۔حکومت پاکستان نے اس ضمن میں ایک کمیشن بھی قائم کردیا ہے جو غیر سودی نظام کے نفاذ کے لیے قابل عمل سفارشات مرتب کرنے میں مصروف ہے ملت اسلامیہ کے ماہرین معاشیات کے لیے بہر حال یہ ایک چیلنج ہے کہ وہ دور حاضر میں بلا سود بینکاری کے نظریہ کو عملی جامہ کیسے پہناتے ہیں ۔ 7۔دور حاضر میں پیغام رسانی اور فکری انقلاب پیدا کرنے میں ذرائع ابلاغ اہم کرداراداکرتے ہیں مغرب کے پاس اپنی ثقافتی استعماریت اور تہذیبی یلغار برپا کرنے کے لیے مؤثر ترین ہتھیار مغربی ذرائع ابلاغ ہیں یہی ذرائع ابلاغ پوری دنیا میں تہذیب مغرب کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کررہے ہیں عالم اسلام میں فکری انتشارکو ہوادی جارہی ہے عالمی ذرائع ابلاغ مسلمانوں کو پسماندہ جاہل اور تنگ نظر بنا کر پیش کر رہے ہیں ۔مسلمان مجاہدین کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے مگر عالم اسلام کے پاس مغرب کی طرف سےوارد کردہ اس یکطرفہ نفسیاتی سرد جنگ کا کو ئی توڑ نہیں ہے مسلمان ممالک عرصہ دراز سے اپنا آزادانہ ابلاغی نیٹ ورک قائم کرنے کا سوچ رہے ہیں مگر اس پر عمل درآمد نہیں ۔ ہوسکا آج سے تقریباً تیس برس قبل "مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی (MENA)کے نام سے مصر میں ایک ادارہ قائم کیا گیا تھا جوتادیرنہ چل سکا۔دور حاضر میں سیٹلایٹ ٹیکنا لوجی میں اتنی ترقی ہو چکی ہے کہ اس طرح کا ادارہ قائم کرنا زیادہ مشکل نہیں ہے اسلامی فکر کو عالمی سطح پررواج دینے کے لیے اس طرح کے اسلامی ادارے کی اشد ضرورت ہے۔ اس وقت مسلم ممالک کے ذرائع ابلاغ بھی مغربی ذرائع ابلاغ پر بری طرح انحصار کرنے پر مجبور ہیں ہمارے اخبارات عالم اسلام کے بارے میں جو خبریں شائع کرتے ہیں اس کاذریعہ مغربی ذرائع ابلاغ ہوتے ہیں مغربی ذرائع ابلاغ پر چونکہ یہودیوں کا قبضہ ہے اس لیے وہ مسلمانوں کے خلاف توڑ موڑ کر خبریں شائع کرتے ہیں آج کل فلسطین اور اسرائیل کے درمیان محاذ آرائی کی نئی صورت سامنے آئی ہے اس میں مغربی ذرائع ابلاغ فلسطینیوں کی طرف سے کی گئی معمولی مزاحمت کوبڑھا چڑھا کر دکھاتے ہیں اگر ایک یہودی مرجائے تو طوفان سر پر اٹھا دیتے ہیں مگر سینکڑوں فلسطینی شہید ہورہے ہیں تو ان کا یا تو تذکرہ ہی گول کردیا جاتا ہے یا پھر سرسری ذکر کیا جا تا ہے۔ان حالات میں عالم اسلام کے لیے ایک ابلاغی نیٹ ورک کاقیام انتہائی ضروری ہے۔ 8۔امت مسلمہ اس وقت مختلف مسالک و فرقہ جات میں منقسم ہے فرقہ واریت کے جنوں نے پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک میں نہایت افسوسناک صورتحال کو جنم دیا ہے فرقہ وارانہ تعصب نے جہاں امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کیا ہے وہاں قرآن و سنت کی روشنی میں عصر حاضر میں اجتہاد جیسے اہم فریضہ سے بھی مسلمانوں کو غافل کردیا ہے۔ 9۔عصر حاضر میں قرآن وسنت کی روشنی میں جدید پیش آمدہ مسائل کے متعلق اجتہاد کرنا بھی ایک