کتاب: محدث شمارہ 243 - صفحہ 22
منسوب ہیں ۔کیونکہ اس کے متنبیٰ تھے۔(فتح الباری:9/135)
3۔حضرت زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا تھا:
أنت منى مكان الأب والعم. (الاصابہ:1/546)
"آپ مجھے باپ اور چچا کے قائمقام ہیں "
اگر اس لفظ کا اطلاق ناجائز تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم منع فرمادیتے،آپ کی خاموشی جواز کی دلیل ہے۔
4۔مناسب وقت پراس کو ضرور آگاہ کردینا چاہیے کہ تیرے حقیقی والدین فلاں لوگ ہیں کیونکہ وراثت وغیرہ کا تعلق تو ان سے ہے اور صلہ رحمی کا تقاضا بھی یہی ہے۔
5۔حالات کی نزاکت کے اعتبار سے واپسی کامطالبہ کرسکتے ہیں ۔لیکن جاوید اقبال کی رائے کا بہرصورت احترام ہونا چاہیے۔
6۔جاویداقبال کی واپسی کی صورت میں اقبال احمد،رضیہ بیگم کو طلاق دینے کا پابند نہیں ۔البتہ کفارہ قسم اداکردینا چاہیے جس کی تفصیل ساتویں پارے کے شروع میں موجود ہے۔
7۔رضاعی بہن کارضاعی بھائی سے پردہ نہیں ،جاوید اقبال اس کا محرم ہے۔
8۔ہاں عورت اپنے شوہر کے والدین کو امی،ابو کہہ سکتی ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ام ایمن کے بارے میں فرمایا تھا:امی بعد امی میری ماں کے بعد میری ماں یہ ہے۔اور دوسری ر وایت میں ہے:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اُم ایمن کو"یااُمہ" اے ماں ! کہہ کر پکارتے تھے(الاصابہ،4/415) اس سے معلوم ہواکہ حقیقی ماں کے علاوہ پھر بھی امی کا اطلاق ہوسکتا ہے۔اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات کو سورۃ الاحزاب کے شروع میں مومنوں کی مائیں قرار دیا گیا ہے اور امام نووی رحمۃ اللہ علیہ نے شرح بخاری میں فرمایا ہے:
"علماء کاایک قول یہ ہے کہ شفقت ورحمت کے اعتبار سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوباپ کہاجاسکتاہے بلکہ آپ تو ان سے بھی زیادہ رحیم وشفیق ہیں ،الفاظ حدیث یہ ہیں ۔
"حَتَّى أَكونَ أحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهِ"الخ
قرآن کے پہلے پارہ کے آخر میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اولاد یعقوب کا باپ قرار دیاگیاہے۔جبکہ فی الواقع وہ چچا تھے۔"
9۔حتیٰ المقدور تعلق قائم رکھنے کی سعی کرنی چاہیے ،ممکنہ حد تک قطع رحمی سے بچنا چاہیے۔
10۔غیر عورت کے لیے مردوں کے سامنے ننگے منہ بیٹھنا درست نہیں ،اگرچہ وہ شوہر کے دوست اور اس کے گھر میں بیٹھے ہوں ۔کیونکہ پردے کا حکم عام اور ہرجگہ ہے،تخصیص کی کوئی دلیل نہیں ۔
11۔بلاپردہ ننگے منہ بازاروں میں گھومنا پھرنامنع ہے ۔پردہ ایک شرعی امر ہے جس کی پابندی ہر جگہ ضروری ہے۔صحیح بخاری میں واقعہ افک کے ضمن میں ہے۔