کتاب: محدث شمارہ 241 - صفحہ 7
دار الافتاء شیخ الحدیث مولانا حافظ ثناء اللہ مدنی
پرانے قرآنی اوراق کی تلفی، کیا قرآن اللہ کی مخلوق ہے؟
٭ خاوند کو بتائے بغیر عدالت کے ذریعے طلاق لے کرآگے نکاح کرلینا
٭ خالہ اوربھانجی کو ایک نکاح میں جمع کرنا اور دونوں سے اولاد کا حکم
٭ پرانے قر آنی اوراق کی تلفی ٭ کیاقرآن مجیداللہ کی مخلوق ہے؟
سوال: ایک عورت نے خاوند کی اجازت کے بغیر شادی کرلی ہے اور خاوند کو اس کا علم نہیں ہوا کیونکہ اس عورت نے عدالت سے طلاق حاصل کی ہے۔پہلے خاوند سے عورت کے تین بچے بھی ہیں ۔اس کے بعد اس نے دوسری شادی بھی کرلی ہے۔اور کوئی ولی وغیرہ بھی پیداکرلیے ہیں ۔اس صورت میں کیا یہ طلاق اور شادی واقع ہوجائےگی۔وہ اب اپنے پہلے خاوند کے پاس نہیں رہ رہی۔ بچے بھی اب خاوند کے پاس ہیں ۔(قاری حسان،مدرس جامعہ لاہور الاسلامیہ)
جواب:عورت کے لیے شوہر سے علیحدگی کی دو صورتیں ہیں :خاوند طلاق دے یا عورت خلع حاصل کرلے۔یہا ں دو صورتوں سے کوئی صورت نہیں پائی جاتی لہذا علیحدگی کا عدالتی فیصلہ ناقابل اعتبار ہے۔عورت باقاعدہ پہلے شوہر کی زوجیت میں ہے۔دوسرے سے فوراً تفریق کرادینی چاہیے۔قرآن مجید میں ہے:
﴿وَالمُحصَنٰتُ مِنَ النِّساءِ 24﴾...النساء
"اور شوہر والی عورتیں بھی(تم پر حرام ہیں )"
سوال۔ایک شخص نے ایک عورت سے نکاح کیا اور اس کی اولاد بھی پیدا ہوئی۔بعد ازاں اس شخص نے دوسری عورت سے نکاح کیا۔جو کہ پہلی عورت کی سگی بھانجی ہے۔ اور اس سے بھی اولاد ہوئی۔یعنی کہ خالہ اور بھانجی کو ایک ساتھ نکاح میں جمع کردیا۔اور تاحال دونوں بیویاں زندہ ہیں اور دونوں میں سے کسی کو طلاق بھی نہیں دی۔اب اس سے مندرجہ ذیل سوالات پیدا ہوتے ہیں :(سائل:مقصود احمد ڈھلوں )
1۔کیا یہ دونوں نکاح درست اور جائز ہیں ؟
2۔اگرشریعت میں یہ نکاح جائز نہیں ہے تو ان دونوں میں سے کون سا نکاح باطل ٹھہرے گا کیا ایسا نکاح زنا کی مثل ہے یا نہیں ؟
3۔جو نکاح باطل ہے،اس کی اولاد کے متعلق شرعاً حکم کیاہے؟۔۔۔حلالی یا ولد الذنا(حرامی)
4۔اوراگر باطل نکاح والی اولاد ناجائز اور حرامی ہے تو کیا وہ والدہ کی وراثت کی حقدار ہوگی یا نہیں ؟
5۔باطل نکاح و الے جوڑے کے متعلق کون سی حد نافذ ہوتی ہے؟
نیز کیانکاح خوان اور گواہان کے اوپر بھی خلاف شرع نکاح پڑھانے کی حد ہوگی اور کون سی؟