کتاب: محدث شمارہ 241 - صفحہ 35
حدیث کی تقویت ہوتی ہے کہ امام شعرانی کشف الغمۃجلد اول ص50میں لکھتے ہیں ۔ "وكان ابن عمريقول رأى النبى صلى اللّٰه عليه وسلم رجلاً طويل اللحية ، فقال :"لو أخذتم"وأشار بيده إلى نواحى لحيته قال وامر بذلك فى لحية ابي قحافة والد ابى بكر " "ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کی لمبی داڑھی دیکھی تو فرمایا کاش !تم کٹاتے اور ہاتھ سے اپنی داڑھی کے گرد نواح کی طرف اشارہ کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے والد ابو قحافہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی داڑھی کے متعلق بھی یہی حکم دیا تھا۔" اس حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنی داڑھی کے گردو نواح کی طرف اشارہ کرنے کا مطلب یہ تھا کہ مٹھی سے زائد بال لے لیے جائیں ۔ چنانچہ ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ (جو اس حدیث کے راوی ہیں ) انہوں نے اسی طرح عمل کیا اور حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی ایسا ہی کیا۔ چنانچہ یہ سب روایات گزر چکی ہیں ۔اور ابو صالح سمان کی حدیث میں بھی مٹھی سے زائد بال کٹانے کا ذکر ہے۔ اس کی مزید وضاحت:موطا امام مالک : کتاب الحج باب التفصیر ص154میں ہے۔ "عن نافع: أن عبد اللّٰه بن عمر كان إذا أفطر من رمضان وهو يريد الحج لم يأخذ من رأسه ولا منلحيته شيئا حتى يحج" "نافع سے روایت ہے کہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب رمضان سے فارغ ہوتے اور ان کا حج کا ارداہ ہو تا تو سراور داڑھی سے کچھ نہ کٹاتے یہاں تک کہ حج کر لیں " اس روایت سے معلوم ہوا کہ مٹھی کے اندر کٹانے کی اجا زت نہیں کیونکہ حج اور عمرہ میں عبد اللہ بن عمر مٹھی سے زائد کٹاتے تھے۔ تو رمضان سے فارغ ہو کر چھوڑنا اس غرض سے تھا کہ بال مٹھی سے زیادہ ہو جا ئیں اگر مٹھی کے اندر کٹانے کی اجازت ہوتی تو یہ تکلیف کیوں اٹھاتے ؟ اور اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قبضہ سے زائد کٹانا حج و عمر ہ کے ساتھ مخصوص نہ تھا بلکہ ہمیشہ کٹاتے ۔اسی لیے حج اور عمرہ کے لیے رمضان سے کٹانا ترک کر دیتے تاکہ حج و عمرہ تک مٹھی سے زائد ہو کر کٹانے کے قابل ہو جا ئے۔ چوتھی صورت : "عن عمرو بن شعيب عن أبيه عن جده : " أن النبي صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كان يأخذ من لحيته من عرضها و طولها" "عمرو بن شعیب اپنے باپ سے وہ اپنے دادا (عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ )سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی داڑھی کے طول و عرض سے لیتے۔"