کتاب: محدث شمارہ 240 - صفحہ 31
16۔ابن ابی الدنیا نے باسند بیان کیا ہے کہ عمار بن یاسر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خدمت میں بیماریوں کا ذکر ہوا تو ایک اعرابی بولا:میں تو کبھی بیمار نہیں ہوا اس کی بات سن کر عمار رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:تم ہم میں سے نہیں ہو،مسلمان کسی بیمار یاتکلیف میں مبتلا ہوتو اس کےگناہ یوں جھڑ جاتے ہیں جیسے خشک درخت کے پتے،البتہ کافر وفاجر بیمار ہوتو اس کا حال اونٹ کی مانند ہے جسے باندھا جائے تو نہیں جانتا کہ اسے باندھے جانے کاسبب کیا ہے اور اگر اسے چھوڑ دیا جائے تو وہ نہیں جانتا کہ اسے چھوڑا کیوں گیا ہے؟ 17۔ابن ابی الدنیا نے کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے باسند بیا ن کیا ہے ،وہ کہتے ہیں :میں نے تورات میں پڑھا (اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے) " لولا أن يحزن عبدي المؤمن لعصبت الكافر بعصابه من حديد لا يصدع ابدا" "اگر میرے مومن بندوں کے رنجیدہ خاطر ہونے کا اندیشہ نہ ہو تو کفار کو لوہے کا ایک حلقہ پہنادیا جائے اور انہیں کبھی سردرد تک نہ ہو" 18۔حسن رحمۃ اللہ علیہ کا کہنا ہے: "جب کسی مسلمان پر ایک سال کسی مالی وجانی نقصان کے بغیر گزر جاتا تو وہ ازراہ حسرت کہتے:کیا بات ہوئی،اللہ تعالیٰ نے ہمیں چھوڑ بھلا ہی دیا ہے؟" 19۔حسن رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : "لوگو!تم اس شکار کی مانند ہو جسے روزانہ تیر مارے جاتے ہیں اور ہر دفعہ تیر نشانے پر جالگتا ہے،خطا نہیں ہوتا۔سمجھنے والے سمجھ جاتے ہیں اور غافل غفلت میں مدہوش رہتے ہیں ۔یہاں تک کہ اسے آخری تیر ایسا آن لگتاہے جو اس کا کام پورا کردیتا ہے۔" 20۔ صالح بن معمار رحمۃ اللہ علیہ ایک مریض کی عیادت کو تشریف لے گئے تو مریض سے فرمایا:"تمہیں تمہارےرب نے جنجھوڑا ہے،سنبھل جاؤ" 21۔ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب کسی فقیر کو دیکھتے تو فرماتے: ﴿ وَلِرَبِّكَ فَاصْبِرْ﴾ "کہ اپنے رب کے فیصلے پر راضی رہو اور صبر کرو" یہ بات بسند ضعیف خوات بن جبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بھی مروی ہے۔ 22۔حسن رحمۃ اللہ علیہ بیماری کے دنوں میں کہا کرتے تھے: "اللہ کی قسم! بیماری کے ایام مومن کے لیے برے نہیں ہوتے،ان دنوں میں یا تو اس کی موت کاوقت قریب آچکا ہوتاہے یا آخرت کے متعلق وہ جو کچھ بھول چکاہوتا ہے،بیماری کے ذریعے اسے وہ بھولا سبق یاد کرایاجاتا ہے۔یا اس بیماری کے سبب اس کے گناہ معاف کئے جاتے ہیں اور جب کوئی مریض بیماری سے صحت یاب ہوتا تو یہی حسن رحمۃ اللہ علیہ اس کے پاس جاتے اور فرماتے،بھئی!اللہ تعالیٰ نے تمہیں (بیماری کے بعد)بھولا سبق یاد کرایا ہے ،اسے یاد کرلو،اس نے تمہیں دوبارہ صحت عطا کی ہے،اس کا شکر بجالاؤ،یہ بیماریاں اور تکالیف سابقہ گناہوں کاکفارہ