کتاب: محدث شمارہ 240 - صفحہ 26
حدیث و سنت مؤلف :امام عبد الرحمن بن رجب بغدادی رحمۃ اللہ علیہ مترجم :مولانا سعید مجتبیٰ سعیدی مؤمن نرم و نازک کھیتی کی مانند ہے ، شرح حدیث کتابچہ"غاية النفع في شرح حديث تمثيل المؤمن بخامة الزرع"کااردو ترجمہ عرض مترجم: اللہ تعالیٰ ا پنے بندوں کو دنیا میں وقتاً فوقتاً مختلف اندازوں سے آزماتا ہے۔اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسان پر اس قسم کے حالات آئیں تو صبر سے کام لینا چاہیے،اسی سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے۔بے صبری کا مظاہرہ کرنے سے اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔احادیث صحیحہ سے ثابت ہے کہ انسان پر جب کوئی مصیبت،دکھ اور پریشانی آئے تو اس سے انسان کے گناہ معاف اور درجات بلند ہوتے ہیں حتیٰ کہ اگر انسان کو ایک کانٹا چبھے تو یہ بھی انسان کی خطاؤں کی معافی اور بلندی درجات کا سبب بنتاہے۔ امام زین الدین ابو الفرج عبدالرحمان بن رجب حنبلی رحمۃ اللہ علیہ اپنے اس کتابچہ میں اسی موضوع کو زیر بحث لائے ہیں ۔اسے پڑھ کر سبق ملتاہے کہ مصائب وآلام تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کے بندوں کے لیے رحمت کا ذریعہ ہیں ۔بیماری دکھ اور پریشانی وغیرہ سے گھبرانا نہیں چاہیے۔کوئی بندہ جس قدر اللہ تعالیٰ کا مقرب ہو،اس کی آزمائش بھی اسی قدر ہوتی ہے۔موضوع کی اہمیت کے پیش نظر راقم نے سلیس اردو زبان میں اس کا ترجمہ کیا ہے تاکہ اردو خواں طبقہ بھی اس کے مطالعہ سے مستفید ہوسکے۔دعا ہے کہ اللہ کریم اس تحریر کو برادران اسلام کے لیے مفید ونافع بنائے اور اس کے مصنف اور مترجم کو اپنی رحمت سے نوازے۔آمین! مصائب وآلام۔۔۔رحمت یا زحمت؟ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اور امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے بروایت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کیا ہے ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مَثَلُ المُؤْمِنِ كَمَثَلِ الخَامَةِ مِنَ الزَّرْعِ، مِنْ حَيْثُ أَتَتْهَا الرِّيحُ كَفَأَتْهَا، فَإِذَا اعْتَدَلَتْ تَكَفَّأُ بِالْبَلاَءِ، وَالفَاجِرُ كَالأَرْزَةِ، صَمَّاءَ مُعْتَدِلَةً، حَتَّى يَقْصِمَهَا اللَّهُ إِذَا شَاءَ."(صحیح بخاری) "مومن کی مثال لہلہاتی ہوئی نرم ونازک کھیتی کی مانندہے،کسی طرف سے بھی آنے والی ہوا اسے جھکا دیتی ہے،جب وہ سیدھی ہوتی ہے تو اسے دوبارہ کسی مشکل اور مصیبت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس کے برعکس فاجرآدمی کی مثال صنوبر کے سیدھے اور مضبوط درخت کی مانند ہے(جو ہواکے جھونکوں سے سرنگوں نہیں ہوتا بلکہ) اللہ جب چاہے اسے اکھاڑ پھینکتا ہے"