کتاب: محدث شمارہ 238 - صفحہ 64
جادوگر نے جب کسی انسان پر ’سحر امراض‘ کرنا ہوتا ہے تو جن اس کے دماغ کے اس مرکز پر مورچہ بند ہوجاتا ہے جس کی ڈیوٹی جادوگر لگاتا ہے، مثلاً کان کا مرکز احساس، یا آنکھ یا ہاتھ یا پاؤں کا مرکز احساس، اس کے بعد اس عضو کی تین حالتوں میں سے ایک حالت رونما ہوسکتی ہے۔ (۱) جن یا تو عضو اور اس کے مرکز احساس کے درمیان سگنل کا تبادلہ (اللہ کی قدرت سے) روک دیتا ہے، جس سے وہ عضو بے عمل ہوجاتاہے اور مریض بہرہ ہوجاتا ہے یا اندھا یا گونگا ہوجاتا ہے یا عضو بے حرکت ہوجاتا ہے۔ (۲) یا پھر وہ کبھی سگنل کے تبادلے کو روک لیتا ہے (اللہ کی قدرت سے) اور کبھی چھوڑ دیتا ہے، جس سے وہ عضو کبھی بے عمل ہوجاتا ہے اور کبھی کام کرنا شروع کردیتا ہے۔ (۳) اور یا پھر جن عضو اور اس کے مرکز احساس کے درمیان بغیر اسباب کے لگاتار اور انتہائی تیز سگنلز کا تبادلہ کرتا ہے، جس سے وہ عضو سخت بن جاتا ہے اور اگر مکمل طور پر بے کار نہیں ہوجاتا تو کم از کم بے حرکت ضرور ہوجاتا ہے۔فرمانِ الٰہی ہے: ﴿وَمَا ھُمْ بِضَارِّیْنَ بِہٖ مِنْ اَحَدٍ إِلاَّ بِاِذْنِ اللّٰہِ﴾ ’’اور وہ کسی کو اللہ کے حکم کے بغیر نقصان نہیں پہنچا سکتے‘‘ اس آیت سے ثابت ہوا کہ جادوگر اللہ کے حکم سے نقصان پہنچا سکتے ہیں ، لہٰذا اس میں تعجب کی کوئی بات نہیں ہے۔ بہت سارے ڈاکٹرز پہلے اس حقیقت کا اعتراف نہیں کرتے تھے،لیکن انہوں نے جب اپنی آنکھوں سے چند کیس دیکھے تو اسے تسلیم کرنے کے علاوہ ان کے لئے کوئی اور چارہ کار نہ تھا… میرے پاس ایک ڈاکٹر آیا اور آتے ہی کہنے لگا:’’میں ایک ایسے معاملے کی وجہ سے آیا ہوں جس نے مجھے دہشت زدہ کردیا ہے‘‘ میں نے کہا: خیر تو ہے، کیا ہوا؟ اس نے کہا: میرے پاس ایک آدمی اپنے فالج زدہ بیٹے کو لے کر آیا جو حرکت کرنے کے قابل نہیں تھا، میں نے اس کا معائنہ کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ اس کی پیٹھ کی ہڈیوں میں ایسی بیماری ہے جس کا علاج کسی ڈاکٹر کے پاس نہیں ، نہ آپریشن سے نہ کسی اور طریقے سے، چند ہفتے گزرنے کے بعد وہ آدمی دوبارہ میرے پاس آیا تو میں نے اس سے پوچھا کہ اس کے فالج زدہ بیٹے کا کیا حال ہے؟ تو اس نے جواب دیا کہ اب وہ ٹھیک ہے، بیٹھ بھی سکتا ہے اور چل بھی لیتاہے، میں نے اس سے پوچھا کہ تم نے اس کا علاج کس کے پاس کیا؟ تو اس نے بتایا کہ وحید (صاحب ِکتاب ) کے پاس، چنانچہ میں آپ کے پاس یہ جاننے کے لئے آیا ہوں کہ آپ نے اس بچے کا علاج کس طرح سے کیا؟ میں نے اسے بتایا کہ اس پر میں نے قرآنی آیات پڑھی تھیں ، اور کلونجی کے تیل پر دم کرکے دیا تھا جسے فالج زدہ اعضاء پر ملنا تھا، اس کے بعد الحمدللہ وہ شفایاب ہوگیا۔