کتاب: محدث شمارہ 237 - صفحہ 63
ٹھوس اور قیمتی مطالعہ ان کا سر مایہ علم تھا ۔ایک طبیب حاذق ہونے کے ساتھ بڑے وسیع المطالعہ تھے۔برصغیر کی سیاست پر ان کو عبور تھا اور برصغیر کی تمام سیاسی اور قومی وملی تحریکوں سے واقف تھے اور ہر تحریک کے بارے میں اپنی ایک ناقدانہ رائے رکھتے تھے مذہب اور تاریخ پر ان کا مطالعہ بہت وسیع تھا۔ برصغیر (پاک وہند)کے سیاسی و ادبی اور علمی و مذہبی اکابر ین سے ان کو ملاقات کا شرف حاصل تھا۔ مولانا ظفر علی خان کے دیرینہ رفیق تھے اور زندگی کا بیشتر حصہ ان کی صحبت میں گزارا۔مولانا شوکت علی کے ساتھ بھی کافی وقت گزارا ۔مولانا ظفر علی خان کی زندگی کے متعلق اور ان کی سیاسی و علمی و دینی خدمات پر ایک ضخیم کتاب "ظفر علی خان اور ان کا عقیدہ" لکھ کر حق رفاقت اداکیا۔ حکیم صاحب مرحوم نے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر"رسول کا ئنات صلی اللہ علیہ وسلم " کے نام سے ایک کتاب تحریر فرمائی ۔ یہ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے منفرد حیثیت کی حامل ہے۔ اس کتاب کی ترتیب حکیم صاحب مرحوم کے وسعت مطالعہ اور ذوق تحقیق کا ایک عمدہ شاہکار ہے ۔آپ نے اس کتاب کی ترتیب ایک نئے انداز میں کی ہے۔ ابتداء میں ولادت باسعادت سے لے کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رحلت تک حالات بیان کئے ہیں اور اس کے بعد آپ کی ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے حالات قلمبند کئے ہیں اور آخر میں تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر عنوان حقوق العباد مسلمانوں کے باہمی حقوق والدین کے حقوق اولاد کے حقوق انسانوں کے حقوق عورتوں کے حقوق یتیموں اور غرباءکے حقوق پڑوسیوں کے حقوق مہمانوں کے حقوق حسن اخلاق اصل نیکی ایمان کی حقیقت ارشادات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر روشنی ڈالی ہے۔ ان کے علاوہ اسوہ حسنہ صلی اللہ علیہ وسلم محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کارنامہ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم سادات انسانی وغیرہ عنوانات کے تحت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر بھی سیر حاصل بحث کی ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ پر یہ کتاب ایک منفرد حیثیت کی حامل ہے اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات انسانی کمالات اور صفات حسنہ کا بہترین مرقع ہے۔ حسن یوسف دم عیسیٰ ید بیضا داری آنچہ خوہاں ہمہ دارند تو تنہا داری