کتاب: محدث شمارہ 23 - صفحہ 47
شاہراہِ اسلام پر گامزن ہونے کی عوت دی گئی ہے۔ ’’شاہراہِ اسلام‘‘ مشعل راہ کا کام دیتی ہے۔ ہم اس کتاب کے مطالعہ کی پرزور سفارش کرتے ہیں۔ ------------------------------ نام کتاب : مرشد جیلانی کے ارشادات حقانی مصنف : محمد حنیف یزدانی ضخامت : 104 صفحات قیمت : 3 روپے ناشر : مکتبہ نذیریہ الپتگین سٹریٹ مکان نمبر 32 اچھرہ لاہور یہ بھی ایک ستم ظریفی ہی ہے کہ اُمتِ مسلمہ کے جو بزرگ ساری زندگی توحید و سنت کا پرچم بلند کرنے میں لگے رہے ان کی وفات کے بعد سادہ لوح لوگوں نے انہی کی ذات کو شرک و بدعت پھیلانے کا ذریعہ بنا لیا۔ حضرت الشیخ سید عبد القادر جیلانی کی سیرت اور تعلیمات سے واقف حضرات پر روشن ہے کہ ان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ شرک و بدعت کی بیخ کنی میں اور توحید و سنت کو پروان چڑھانے میں صرف ہوا لیکن آج ان ہی کی ذات سے ایسے ایسے واقعات و کرامات وابستہ کر دی گئی ہیں جو تعلیماتِ اسلامی کے سراسر خلاف ہیں۔ حضرت جیلانی کا مرتبہ بلند محض اس بنا پر ہے کہ انہوں نے اپنے آپ کو اللہ کا ایک عاجز بندہ سمجھا اور اسی کے مطابق اللہ کی بندگی کی۔ لیکن لوگوں نے ان کی ہستی کو اتنا مختار بنا دیا کہ نعوذ باللہ اللہ تعالیٰ عاجز نظر آنے لگے۔ مولانا محمد حنیف یزدانی نے اس مختصر کتاب میں حضرت عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ کی تعلیمات کو سمو دیا ہے اور ان تعلیمات ہی کی روشنی میں ان ’کرامات‘ کو باطل قرار دیا ہے جو ان سے غلط طور پر وابستہ کر دی گئی ہیں۔ کاش بزعمِ خود حضرت شیخ کے مرید یہ بات سمجھ سکیں کہ حضرت کی اس سے بڑی کرامت کیا ہو سکتی ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی عین قرآن و سنت کے مطابق بسر کی! یزدانیؔ صاحب نے مختصر طور پر اس کتاب میں حضرت عبد القادر جیلانی رحمہ اللہ کی سوانح حیات بھی جمع کر دی ہے۔ یہ کتاب حضرت عبد القادر جیلانی کی زندگی اور تعلیمات کو سمجھنے کے لئے بہترین ذریعہ ہے۔ بعض مسائل کے سلسلہ میں علمائے حق کے تائیدی بیان شامل کر کے اس کتاب کو علمی اور تحقیقی حیثیت کا حامل بنا دیا گیا ہے۔ ------------------------------