کتاب: محدث شمارہ 22 - صفحہ 41
غیر مسلم کا خیال ہے:
’’قرآن مذہبی قواعد و احکام ہی کا مجموعہ نہیں بلکہ وہ ایک عظیم الشان ملکی اور تمدنی نظام پیش کرتا ہے۔‘‘
مرتبِ کتاب کی سعی قابل قدر ہے تاہم مزید تلاش و جستجو سے غیر مسلموں کے لکھے ہوئے مضامین شامل کیے جا سکتے تھے۔ ہندوؤں میں گاندھی جی، سر وجنی نائیڈو اور سادھوئی کے علاوہ سوامی لکشمن، لالہ کنور سین (سابق چیف جسٹس جموں و کشمیر) لالہ کرم چند ایڈووکیٹ اور ایسے ہی کئی دوسرے افراد کے خیالات جمع کیے جا سکتے تھے۔ اول الذکر سوامی لکشمن نے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سوانح’’عرب کا چاند‘‘ لکھی ہے۔ کتاب کی ترتیب میں چند واضح خامیاں موجود ہیں ۔ مثال کے طور پر جس حصۂ کتاب میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں غیر مسلموں کی آراء و خیالات پیش کیے گئے ہیں ۔ اسی میں امام غزالی رحمہ اللہ ، مجدد الف ثانی رحمہ اللہ ، امام بن قیم رحمہ اللہ ، شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمہ اللہ اور شاہ اسماعیل شہید رحمہ اللہ کی تحریریں پیش کر دی گئی ہیں جو واضح طور پر غیرمسلموں کے حلقے سے نہیں ہیں ۔ اسی طرح بعض ابواب سرے سے موضوع سے غیر متعلق ہیں ۔ امید ہے آئندہ ایڈیشن میں یہ خامیاں دور کر دی جائیں گی۔
......٭٭٭٭......
کتاب : مقالات
ترتیب : رشید احمد
طباعت : عمدہ ٹائپ
صفحات : 108
قیمت : 6 روپے
ناشر : مکتبہ علمیہ 15۔ لیک روڈ لاہور
امسال نزولِ قرآن کریم کی تقریب سعید پر عجائب گھر لاہور میں مصحف مکرم کے قلمی اور نادر نسخوں کی 26 رمضان تا 15 شوال نمائش رہی۔ اس نمائش کے موقع پر عجائب گھر کے ڈائریکٹر سید محمد تقی کاظمی صاحب نے ملک کے چیدہ چیدہ اہل قلم سے قرآن سے متعلق مقالات لکھنے کی فرمائش کی۔ چنانچہ قرآن کی تدوین، کتابت اور تفہیم جیسے موضوع پر سید حسین مرتضیٰ حسین فاضل، ڈاکٹر محمد عبد اللہ چغتائی، حافظ احمد یار، ڈاکٹر عابد احمد عابدؔ اور چند دوسرے حضرات نے مقالات لکھے۔ کل دس مقالات اس مجموعے میں شامل ہیں ۔ الحاج رشید احمد صاحب نے مقالات کی ترتیب میں حسنِ ذوق کا اچھا ثبوت دیا ہے۔ مقالات مختصر اور جامع ہیں۔