کتاب: محدث شمارہ 22 - صفحہ 38
تعارف و تبصرۂ کتب جناب ابو شاہد کتاب : ہفت روزہ ’’المنبر‘‘ استقلال پاکستان نمبر زیر ادارت : مولانا عبد الرحیم اشرفؔ سائز و ضخامت : 23x36/8۔ 58 صفحات قیمت : ۵۰/۱ روپے ناشر : مینجر ہفت روزہ ’’المنبر‘‘ جناح کالونی لائل پور مولانا عبد الرحیم اشرف صاحب کے زیرِ ادارت ہفت روزہ ’’المنبر‘‘ نے اس سال 27 رمضان کو قومی بے حسی کو توڑتے ہوئے استقلال پاکستان ایڈیشن شائع کیا۔ ڈاکٹر اقبال مرحوم نے محکوم قوم کی نفسیات کا ذِکر بدیں الفاظ کیا تھا: ؎ تھا جو ناخوب بتدریج وہی خوب ہوا کہ بدل جاتا ہے غلامی میں قوموں کا ضمیر سو سال تک غلامی کی زندگی گزارنے کے بعد ہم ’’خوب‘‘ سے ’’ناخوب‘‘ کی طرف لڑھکتے رہے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ آزادی حاصل کرنے کے 25 سال بعد بھی روشن نہ بدلی۔ ہم آج بھی قومی تقریبات عیسوی کیلنڈر کے مطابق مناتے ہیں ۔ 14 اگست کو یومِ پاکستان منایا جاتا ہے مگر 27 رمضان المبارک کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ اس کا جواب سوائے بے حسی کے کچھ بھی نہیں ۔ اس خصوصی اشاعت میں تحریکِ پاکستان کی جستہ جستہ داستان بیان کی گئی ہے۔ بعض ایسی دستاویزات بھی پیش کی گئی ہیں جن کی اہمیت آج دو چند ہو گئی ہے جیسے صدر بھٹو کی 15 مارچ 66ء کی قومی اسمبلی میں تقریر، دو تاریخی قرار دادیں وغیرہ۔ تحریک پاکستان اور قادیانیت پر خیال افروز مقالہ لکھا گیا ہے۔ مختصر یہ کہ یہ ایڈیشن قابلِ مطالعہ ہے۔ ......٭٭٭٭...... کتاب : تراجمہ علمائے حدیِ ہند