کتاب: محدث شمارہ 22 - صفحہ 35
غرائب القرآن اور اس کے محاورات کا خصوصیت سے التزام کیا گیا ہے۔ یہ قلمی ہے اور اسلامیہ کالج کی لائبریری میں موجود ہے۔ 3. میزان اللسان (عربی، قلمی) نحو کی عام فہم اور سہل کتاب۔ 4. صحائفِ اربعہ۔ تراجم: 1. حجۃ اللہ البالغہ۔ حضرت شاہ ولی اللہ محدثِ دہلوی رحمہ اللہ کی شہرۂ آفاق عربی کتاب کا آپ نے رواں دواں اردو میں ترجمہ کیا ہے۔ اس کے دو حصے ہیں ۔ حصہ اول و دوم۔ قومی کتب خانہ لاہور نے اسے طبع کروایا ہے۔ پہلے حصے کی قیمت 18 روپے اور دوسرے کی 22 روپے ہے۔ اس سے اس کی ضخامت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ میرے ہاتھ میں اس وقت طبع دوم ہے جو 1962ء میں منصۂ شہود پر آئی۔ ترجمہ کے آغاز میں حضرت شاہ ولی اللہ صاحب کی مختصر سوانح بھی لکھی ہے جو 69 صفحات پر پھیلی ہوئی ہے۔ 2. مکتوباتِ امامِ ربانی کا آپ نے اردو زبان میں ترجمہ کیا ہے اور کتاب کے شروع میں امامِ ربّانی حضرت مجدّد الف ثانی رحمہ اللہ کی سوانح بھی لکھی ہے۔ یہ مطبوعہ ہے۔ 3. مقالات و حالات سیدّ جمال الدین افغانی رحمہ اللہ ۔ یہ بھی مطبوعہ ہے۔ 4. جواھر العلوم۔ علامہ طنطاوی جوہری کی تصنیف ہے۔ اس کا آپ نے ترجمہ کیا ہے۔ قومی کتب خانہ لاہور نے اسے شائع کیا ہے۔ قیمت 50/6 ہے۔ 5. جامع الآداب۔ مصر کے ایک ممتاز عالم کی شہرٔ آفاق تصنیف ’’آداب الفتیٰ‘‘‘ کا سلیس اور بامحاورہ ترجمہ ہے۔ اس کتاب میں ان تمام آداب کا ذِکر ہے جن سے سیرت و کردار کو سنوارنے میں مدد ملتی ہے۔ 1966ء میں قومی کتب خانہ لاہور نے اسے دوسری بار چھاپا۔ اس کے 168 صفحات ہیں۔ 6. تراجم تصانیف۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ ۔ ولی اللہ، فتویٰ شرک شکن، خلاف الامۃ، مناسکِ حج اور تفسیر آیت کریمہ۔ مطبوعہ الہلال بک ایجنسی شیرانوالہ گیٹ، لاہور۔ 7. تراجم تصانیفِ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ ۔ اسلامی تصوف۔ تفسیر الموذتین۔ مطبوعہ الہلال بک ایجنسی لاہور۔ 8. تراجم تصانیفِ شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ ! خیر کثیر، البدور البازغہ، تفہیماتِ الٰہیہ، معارف الدینیہ، حق الیقین کتابستان کمپنی بمبئی میں طبع ہوئے۔