کتاب: محدث شمارہ 22 - صفحہ 33
مشاہیر علمائے سرحد
حضرت مولانا حافظ عبد الرحیم صاحب رحمہ اللہ (کلاچی والے)
1875ء – 1950ء
جناب قاری فیوض الرحمٰن (ایم۔ اے)
ولادت:
آپ 26/ شوال المکرم 1292ھ (ستمبر 1875ء) میں کُلاچی ضلع ڈیرہ اسماعیل خاں میں مولوی محمد نعیم صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد ایک اوسط درجے کے عالم تھے جو درس و تدریس کے علاوہ حصولِ معاش کی خاطر جلد سازی اور نقاشی کا کام کرتے تھے، ان کے جدِّ امجد حافظ محمود صاحب بھی اہلِ علم میں شمار ہوتے تھے۔
ابتدائی تعلیم:
آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے والد صاحب سے حاصل کی، پھر مولانا صدر الدین صاحب، مولانا قاضی عبد المجید صاحب اور مولانا غلام رسول صاحب سے علمی استفادہ کیا۔ علمِ حدیث کی تحصیل آپ نے مولانا داؤد صاحب سے کی، اسی دوران میں آپ نے قرآنِ پاک بھی حفظ کر لیا۔
امرتسر میں :
تحصیل علم کے بعد آپ امرتسر تشریف لے گئے اور وہاں اخبار ’’وکیل‘‘ کے سب ایڈیٹر (مدیر معاون) مقرر ہوئے۔ 1911ء میں آپ نے مدیر معاون کی حیثیت سے ’وکیل‘ میں کام کیا۔ 1912ءمیں امرت سر سے لاہور آگئے اور مشہور اخبار ’’زمیندار‘‘ میں مترجم کی حیثیت سے کام کرنا شروع کر دیا۔ انہی دنوں آپ نے مولوی فاضل اور منشی فاضل کے امتحانات امتیاز کے ساتھ پنجاب یونیورسٹی سے پاس کر لئے۔ اسی ملازمت کے دوران آپ کو مولانا ظفر علی خاں اور مولانا ابو الکلام آزادؔ صاحب کے ساتھ (ادارۂ زمیندار میں ) کام کرنے کا موقع ملا۔ مولانا آزاد رحمہ اللہ آپ کی استعداد، ذہانت اور محنت سے اس قدر متاثر ہوئے کہ جب انہوں نے کلکتہ سے ’’الہلال‘‘ جاری کیا تو آپ کو اس کے ادارہ میں شرکت کی خصوصی دعوت دی اور کافی اصرار کیا لیکن بعض ناگزیر وجوہات کی وجہ سے آپ اس پرخلوص دعوت کو قبول کرنے سے معذور رہے۔