کتاب: محدث شمارہ 21 - صفحہ 48
خصوصی سے ان سے یہ کام بھی لے لیا۔
ہم حافظ صاحب کی اس کوشش کی داد دینے کے ساتھ ساتھ ابھی ایک چیز محسوس کر رہے ہیں کہ سرسری مطالعہ سے یہ اشاریہ قرآن پاک کے الفاظ و معانی کا انڈیکس معلوم ہوتا ہے اس لئے اگر فرصت نکال کر اسے تفسیر کے مضامین کی ترتیب سے تیار کیا جا سکے تو یہ بھی ایک عظیم کام ہو گا۔ اشاریہ کی کتابت و طباعت نہایت اعلیٰ ہونے کے علاوہ کاغذ بھی عمدہ استعمال کیا گیا ہے اور اوپر کارڈ بورڈ کی مضبوط جلد ہے۔ اس گرانی کے دور میں تین روپے قیمت مناسب ہے۔
......٭٭٭٭......
کتاب : مکاتیب سید ابو الاعلیٰ مودودی (حصہ اول)
مرتب : عاصم نعمانی
سائز و ضخامت : 20x30/16۔ 256 صفحات
قیمت اعلیٰ ایڈیشن : 50/5 روپے
سستا ایڈیشن : 3 روپے
ناشر : ایوانِ ادب چوک اردو بازار، لاہور
کسی تحریر یا اس کے مجموعے کی اہمیت کا کافی حد تک انحصار اس کے لکھنے والے کی شخصیت پر بھی ہوتا ہے۔ زیرِ تعارف و تبصرہ کتاب دنیائے اسلام کی معروف سیاسی اور علمی شخصیت مولانا ابو الاعلیٰ مودودی کی خط و کتابت کا ایک مجموعہ ہے جس کے مرتب مولانا کے خاص عقیدت مند، ہمارے دوست محمد سلطان عاصم نعمانی ہیں ۔ ان مکاتیب میں مولانا مودودی کی علمی، فکری اور سیاسی شخصیت کو بہت قریب سے دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ ان خطوط کا ایک بڑا حصہ ان سوالات کے جوابات پر مشتمل ہے جو بعض لوگوں کو مولانا کے افکار و تحریک اور ان کی تصنیفات پر شبہات یا الجھنوں کی صورت میں پیدا ہوئے اور ان کا جواب مولانا نے بے تکلفانہ اور ہلکے پھلکے انداز میں دیا ہے۔ علمی مسائل و مباحث کو انفرادی سطح پر حل کرنا ایک خاص اور مشکل فن ہے۔ جس طرح ایک استاد کسی موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے پوری کلاس کی ذہنی اور علمی سطح کے مطابق کلام کرتا ہے۔ لیکن جب کوئی طالب علم کسی نکتہ کو اخذ کرنے یا قبول کرنے میں ناکام رہ کر سوال کرتا ہے تو پھر ایک ماہر استاد شبہہ کی خصوصی نوعیت کو مدنظر رکھ کر ایسا دل نشیں لہجہ اور طرزِ استدلال اختیار کرتا ہے جس سے سائل کی تسلی اور تشفی ہو جائے۔ ان مکاتیب کے مطالعہ سے بعض جگہ یہ احساس بھی ہوتا ہے کہ مولانا ’’تنقیحات‘‘ کے اسلوب سے ہٹ کر خطبات کے انداز میں بات کر رہے ہیں ۔
ویسے تو یہ کتاب عمومی فائدے کی ہے لیکن خصوصی طور پر ہم مولانا کے متعلق سنی سنائی باتوں پر اعتماد کرنے والوں کو اس کے مطالعہ کا مشورہ دیتے ہیں ۔ کتاب کو دیدہ ذیب بنانے کے لئے ناشر نے بھی اپنی صلاحیتیں صرف کر دی ہیں ۔ (خ۔ع۔ر)