کتاب: محدث شمارہ 21 - صفحہ 3
کتاب: محدث شمارہ 21 مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی 99 جے ماڈل ٹاؤن لاہور ترجمہ: بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ فکر و نظر عورتوں کے لئے سیاسی مناصب اور ملازمتیں پچھلے دنوں میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ اک سو ساٹھ کلیدی اسامیوں کے لئے حکومت کو درخواستیں مطلوب ہیں ۔ اس کے علاوہ حکومت نے ملازمتوں کے لئے صنفی امتیاز بھی ختم کر دیا تھا یعنی ان اسامیوں کے لئے عورتیں بھی درخواستیں دے سکیں گی۔ (نواے وقت وغیرہ) کہتے ہیں کہ حکومت نے اس فیصلہ کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہرحال صورت کوئی ہو، خواتین کے لئے سرکار دربار میں شرف باریابی کے دروازے اب بھی کھلے ہیں ۔ اسمبلی کی ممبری اور وزارت سے لے کر مختلف محکموں میں ملازمت اور امارت تک وہ فائز ہیں اور ہو رہی ہیں ۔ اس کی وجہ سے انسانی اخلاق اور کیریکٹر پر جو غلط اثرات مرتب ہو رہے ہیں وہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس سلسلہ میں قرآن و حدیث اور ائمہ دین کے ارشادات آپ کی خدمت میں پیش کریں تاکہ آپ اندازہ کر سکیں گے کہ اسلام میں ان نازنینوں کے لئے خلوت سے جلوت میں آنے کے لئے کتنی اور کیسی گنجائش ہے اور سرکاری ملازمتوں میں حصہ لینے کے لئے ازروئے دین کس قدر اور کیسے حصہ لے سکتی ہیں ؟ قرآنِ کریم کا ارشاد قرآن نے عورت کا دائرہ کار اور مقام گھر کی چار دیواری مقرر کی ہے: وَقَرْنَ فِیْ بُیُوْتِکُنَّ (پ ۲۲۔ الاحزاب ع ۴) (اے بیبیو!) اپنے گھروں میں جمی بیٹھی رہو۔ اس سے معلوم ہوا کہ عورت پریٔ خانہ تو ہو سکتی ہے، شمعِ محفل نہیں ۔ اقبال مرحوم نے اس مفہوم کو یوں ادا کیا ہے ؎ آغوشِ صدف جس کے نصیبوں میں نہیں ہے وہ قطرۂ نیساں کبھی بنتا نہیں گوہر! اس کے بعد بن سنور کر نکلنے سے منع فرمایا اور نماز، زکوٰۃ نیز اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کی تاکید کی، پھر فرمایا: وَاذْكُرْنَ مَا يُتْلٰي فِيْ بُيُوْتِكُنَّ مِنْ اٰيٰتِ اللهِ وَالْحِكْمَةِ (الاحزاب۔ ع ۴) اور تمہارے گھروں ميں خدا کی آیتیں اور دانائی کی جو باتیں پڑھ پڑھ کر سنائی جاتی ہیں ان کو یاد کیا کرو۔