کتاب: محدث شمارہ 2 - صفحہ 72
اہل حدیث اور ان سے غلط فہمیوں کا ازالہ
مولانا عبد السلام کیلانی فاضل مدنی
زیرِ نظر مقالہ ’’الحرکۃ السلفیۃ ودفع الشبہات عنہا‘‘ پاک و ہند کی جماعتِ اہل حدیث کے عقیدہ، عمل اور علمی خدمات کا ایک مختصر تعارف ہے جو ’’مجلس التحقیق الاسلامی‘‘ لاہور کے فاصل رکن مولانا عبد السلام کیلانی مدنی نے جامعۃ اسلامیہ مدینہ منورۃ میں پڑھا تھا، جس سے جامعہ کے طلبہ بہت محظوظ ہوئے اور اساتذہ نے تحسین و تبریک کے کلمات کہے۔
واضح رہے کہ اہل حدیث کتاب و سنت کی بے لاگ تعلیمات کو زندہ رکھنے والی ایک تحریک ہے جو عقیدۃً و عملاً فقہائے محدثین کے مسلک پر قائم ہے اور ہر قسم کے خلو اور شخصی تعصبات سے بچتے ہوئے اس رستہ پر گامزن رہنے کی حامی ہے، جس پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور ائمہ دین سے امت کا تعامل چلا آرہا ہے۔
یہ تحریک ساری دنیا میں موجود ہے لیکن زمان و مکان کے خصوصی دواعی کے اعتبار سے جماعی شکل میں مختلف ناموں سے موسوم ہے۔ نجد و حجاز میں ’’سلفی، اثری‘‘، مصرو شام میں ’’اہل السنہ، انصار السنہ‘‘ اور افریقہ وغیرہ میں ’’سنی، محمدی‘‘ ناموں سے مشہور ہ۔ غیر منتقسم ہندوستان میں حدیث کی درس و تدریس، نشر و اشاعت اور عملی ترویج جیسی امتیازی خدمات کی وجہ سے اس کے حامل ’’اہلِ حدیث‘‘ کہلائے جو فقہاے محدثین کے مسلک کا یادگاری نام ہے۔
متعصبین: اہل حدیث کو بدنام کرنے کے لئے ان پر مختلف قسم کے بہتانات لگاتے ہیں ، جن کے دفاع کے لئے یہ مقالہ پڑھا گیا۔ حالیہ اشاعت میں مقالہ بعینہٖ عربی میں پیش کیا جا رہا ہے۔ آئندہ اشاعت میں اس کا اردو ترجمہ ہدیۂ قارئین ہو گا۔ (انشا اللّٰه) (ادارہ)