کتاب: محدث شمارہ 16 - صفحہ 47
واضح ہوتا ہے کہ مولانا مودودی کی نظر میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا مقام کیا ہے؟ اور ان تحریروں کو مرتب کرنے کی ضرورت یوں محسوس کی گئی ہے کہ مولانا موصوف کی ذات کو بعض افرادنے بوجوہ اس طرح تنقید و تنقیص کی آماجگاہ بنا لیا ہے کہ جیسے دنیا بھر میں فتنہ و فساد کا باعث یہی ایک ذات ہے اور یہ ذات اگر راستے سے ہٹ جائے تو دنیا سکھ اور چین کا سانس لے۔ مولانا کی ذات کو رگیدنے کی خاطر ان بعض افراد نے ان کی تحریروں سے ایسے نتائج اخذ کیے ہیں کہ صاحبِ تنقید کے اخلاص و شعور پر ماتم کرنے کو جی چاہتا ہے۔ وہ بیسیوں الزامات جو مولانا پر عائد کئے گئے ہیں ۔ ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی گستاخی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ اور اس بات کو اس تواتر اور شدّت کے ساتھ دہرایا گیا ہے اور ایسے حضرات کی طرف سے دہرایا گیا ہے جن کی وضع قطع سے سادہ لوح مسلمان یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ ’’بہ ایں جبہ و دستار‘‘ یہ حضرات جھوٹ کیسے بول سکتے ہیں ۔ ضرور مولانا مودودی نے کچھ گستاخیاں کی ہوں گی۔
عاصم نعمانی صاحب نے مولانا مودودی کے متعلق پھیلائی گئی اس غلط فہمی کو احسن پر دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ جو لوگ کم فرصتی کی بنا پر مولانا کی ضخیم کتب کا مطالعہ نہیں کر سکتے، اس مختصر سی کتاب کے مطالعہ سے اندازہ کر سکتے ہیں کہ حق پر کون ہے؟
مرتب نے اقتباسات کو ترتیب دینے میں نہایت سلیقہ مندی کا ثبوت دیا ہے اور کہیں بھی حاشیہ دے کر قاری کے ذہن پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی۔ انتخاب اتنا جامع ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے متعلق مولانا مودودی پر تمام الزامات و شبہات کا جواب مل گیا ہے۔ معنوی خوبیوں کے ساتھ صوری طور پر بھی یہ کتاب طباعت و کتابت کا اعلیٰ معیار رکھتی ہے۔
(۳) نام کتاب: اصلاح معاشرہ
مصنف: عبد الغفار اثرؔ (ایم۔ اے)
ناشر: محکمہ اوقاف لاہور۔
قیمت: درج نہیں ۔
یوں تو ہر دور میں اصلاح معاشرہ کی ضرورت محسوس کی گئی ہے کیونکہ خیر و شر کی آویزش