کتاب: محدث شمارہ 16 - صفحہ 35
اِمام ابنُ الصَّلاح رحمہ اللہ اور اُن کی کتاب ’’علوم الحدیث‘‘ مولانا محمد خالد سیف (اثریؔ) اصولِ حدیث کا کون سا طالب علم ہے جو امام ابن الصلاح رحمہ اللہ اور آپ کی شہرۂ آفاق تصنیف ’’علوم الحدیث‘‘ المعروف بہٖ ’’مقدمہ ابن الصلاح‘‘ سے ناواقف ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ جو شرفِ قبولیت ’’علوم الحدیث‘‘ کو حاصل ہوا، اس فن کی کسی دوسری کتاب کو حاصل نہ ہو سکا۔ قبل اس کے کہ ’’علوم الحدیث‘‘ کے ساتھ علماء کے اعتناء، اس کی اہمیت و عظمت اور اس پر نقد و تبصرہ کو پیش کیا جائے، مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس شاہکار کے مصنف کی حیاتِ علمیہ کی چند جھلکیاں پیش کر دی جائیں ۔ نام و نسب: آپ کا اسمِ گرامی عثمان، لقب تقی الدین اور کنیت ابو عمرو ہے۔ سلسلۂ نسب اس طرح ہے: ’’ابو عمرو تقی الدین عثمان بن عبد الرحمان بن عثمان بن موسی الکردی الشہر زوری الشرخانی۔‘‘ آپ کے والدِ محترم عبد الرحمان کا لقب چونکہ صلاح الدین تھا اس لئے ان کی طرف انتساب کے پیشِ نظر آپ ابن الصلاح کے نام سے علمی دنیا میں معروف ہیں ۔