کتاب: محدث شمارہ 14 - صفحہ 17
حدیث اُطلُبُوا العلم ولو بالصِّین کی تحقیق جناب ریاض الحسن نوریؔ (ایم۔اے) ترتیب (ادارہ) سابق ناظم اعلیٰ اوقاف مغربی پاکستان مسعود احمد سی۔ ایس۔ پی کے دور میں محکمہ اوقاف نے ایک کتابچہ چھپوا کر تقسیم کیا تھا جس کا نام تو ’’اسلامی پاکٹ بک ‘[1] رکھا گیا تھا لیکن در پردہ اس میں سوشلزم کی تبلیغ مقصود تھی۔ اس میں بہت سی دیگر غلط بیانیوں کے ساتھ جس دیدہ دلیری اور بے باکی سے بعض موضوع احادیث نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب کر کے اپنے مذموم مقاصد کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، وہ حد درجہ افسوس ناک ہے۔ طرہّ یہ کہ ان احادیث کو حدیث کے حد درجہ معتبر اور مقبول ترین مجموعہ جات سے ماخوذ بتایا گیا۔ چنانچہ اس کتابچہ کے ص ۱۴ پر ایک حدیث یوں درج ہے: ’’علم حاصل کرو خواہ وہ چین ہی میں کیوں نہ ہو۔‘‘ (بخاری) اس قول کو جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب کرنا ایک بہت بڑا افتراء ہے وہاں اسے بخاری کی روایت بتانا بڑی جرأت ہے۔ جو شخص کسی موضوع بات کو حدیثِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کہنے سے نہیں ڈرتا اس سے اس کو کسی بڑے امام کی روایت کہنے پر کوئی حیرت نہ ہونی چاہئے لیکن اگر کتاب و سنت سے یہ مذاق چلتا رہا تو عام مسلمانوں کے دین و ایمان کا خدا ہی حافظ ہے۔ دراصل مصنف کا مطلوب سوشلزم کا پروپیگنڈا ہے۔ روس کا لفظ تو کسی روایت سے ملا
[1] اسلامی پاکٹ بک کے اوپر کسی مصنف یا مرتب کا نام درج نہیں۔ البتہ اس کے شروع میں مسعود احمد صاحب ناظم اعلیٰ اوقاف کی طرف سے بطور پیش لفظ ایک پیغام درج ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کی تیاری کے سلسلہ میں ان کا بڑا ہاتھ ہے۔ واقعی اوقاف کی آمدنی کا بہت اچھا استعمال ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے پر حال رحم کرے۔ آمین