کتاب: محدث شمارہ 12 - صفحہ 4
ہمارے لئے یہ بات مسرت افزاء ہے کہ اس کارِ خیر میں دوسرے احباب کی طرح صحافتی برادری نے بھی ہماری مدد فرمائی اور اس سلسلہ میں جہاں اپنے مؤقر جرائد و رسائل میں ’’محدث‘‘ پر تبصرے فرما کر اسے اپنے حلقوں میں متعارف کرایا، وہاں اس کے ادارتی مقالات، مجلس التحریر اور قلمی معاونین کی علمی نگارشات کو اپنے مجلات میں شائع فرما کر دوسروں تک ہماری آواز پہنچائی۔ خوش کن ہے یہ امر کہ جس طرح ’’محدث‘‘ کا خیر مقدم ان معاصرین نے خندہ پیشانی سے کیا جو اندازِ نظر اور طرزِ فکر میں ہمارے ساتھ موافقت رکھتے ہیں اسی طرح دوسرے مکتابِ فکر نے بھی بخل سے کام نہیں لیا۔ بلکہ تحقیقی اور اصلاحی سلسلہ میں ہمارے منصفانہ اور معتدلانہ طرزِ عمل کی داد دی، اس سے ہمارے ان عزائم کو تقویت ملی جن کا اظہار ہم نے ’’محدث‘‘ کے اجراء کے وقت پہلے اداریہ میں کیا تھا۔ مختلف جرائد و رسائل نے ’’محدث‘‘پر اپنی جن قیمتی آراء کا اظہار فرمایا ہے اسے ’’محدث‘‘میں بھی شائع کیا جا رہا ہے اور تین چار قسطوں میں یہ سلسلہ ختم ہو گا۔ توضیح کے لئے بعض کے آخر میں ادارتی نوٹ بھی دے یئے گئے ہیں ۔ جن پرچوں نے ہمارے بعض مضامین پسند فرما کر ان کی اشاعت فرمائی، ان میں ہفت روزہ ’’المنبر‘‘ لائل پور، ہفت روزہ ’’رضا کار‘‘ لاہور، ماہنامہ ’’نارانؔ‘‘ کراچی اور ماہنامہ ’’الجامعہ‘‘ ضلع جھنگ وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ ہم اپنے جملہ بہی خواہوں اور صحافتی برادری کا پرزور شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ جزاھم اللہ عنا وعن سائر المسلمین خیرًا مذکورہ بالا حوصلہ افزاء امور نے بلاشبہ ہمیں اعتماد اور یقین کی دولت سے مالا مال کیا ہے، تاہم ان کی وجہ سے ہم اپنی ان مشکلات کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے۔ جو ابتدائی مراحل میں اکثر رسائل کو پیش آتی ہیں ۔ کسی رسالے کے اجراء میں جو چیز سب سے پہلے سامنے آتی ہے وہ مالی اور انتظامی مشکلات