کتاب: محدث شمارہ 12 - صفحہ 3
کتاب: محدث شمارہ 12
مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی
پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور
ترجمہ:
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
فکر و نظر
محدث کا نیا سال
ماضی کا جائزہ اور مستقبل کا عزمِ صمیم
الحمد للہ ’’محدث‘‘ کا پہلا سال بخیر و خوبی ختم ہوا۔ اور زیر نظر شمارے سے بفضلہ تعالیٰ ہم دُوسرے سال میں قدم رکھ رہے ہیں ۔ خدا کا شکر ہے کہ اس عرصہ میں ہمیں توقع سے بڑھ کر کامیابی حاصل ہوئی اور ’’محدث‘‘مقبولِ عام ہوا۔ یہ سب کچھ اللہ ارحم الراحمین کے رحم و کرم سے ہے جس نے ہمیں نامساعد حالات میں اپنے تبلیغی فریضہ کی ادائیگی کی توفیق دی اور مشکل اور کٹھن حالات میں اسے جاری رکھنے کی ہمت عطا فرمائی۔ ہمیں اپنی قابلیت اور وسائل کے متعلق نہ تو پہلے کوئی خوش فہمی تھی اور نہ ہم اب کسی خود فریبی کا شکار بننا چاہتے ہیں ۔ اپنی بے بضاعتی اور کم مائیگی کے مکمل اعتراف کے ساتھ مستقبل کے لئے عزمِ صمیم رکھتے ہوئے اپنی ساری امیدیں اللہ احکم الحٰکمین کے ساتھ وابستہ کرتے ہیں ۔ ھو مولٰکم، نعم المولی، ونعم النصیر۔
اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل کے ساتھ بزرگوں ، دوستوں اور دینی حلقوں کی طرف سے مخلصانہ دعائیں ، تحسین و تبریک، مفید مشورے اور بے لاگ تبصرے ہمارے لئے حوصلہ افزاء اور بہترین معاون بنے۔ اہل علم و اہل قلم حضرات نے اپنی قیمتی نگارشات سے ’’محدث‘‘ کو مزین فرمایا، اور احباب نے خود خریداری قبول کر کے اور دوسروں کو ترغیب دے کر اس دینی رسالے کی توسیع اشاعت میں حصہ لیا۔ ایجنٹ حضرات نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون فرما کر اپنے ملی و دینی جذبہ کا اظہار فرمایا۔ ہم سب کے تہہ دِل سے شکر گزار ہیں ۔