کتاب: منہاج المسلم - صفحہ 378
میں ڈالے،اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ((مَنْ عَلَّقَ تَمِیمَۃً فَقَدْ أَشْرَکَ))’’جس نے ’’تمیمہ‘‘(منکا وغیرہ)گلے میں ڈالا،اس نے شرک کیا۔‘‘[1] نیز ارشاد ہے:((مَنْ عَلَّقَ تَمِیمَۃً فَلَا أَ تَمَّ اللّٰہُ لَہُ،وَمَنْ عَلَّقَ وَدْعَۃً فَلَا وَدَعَ اللّٰہُ لَہُ)) ’’جو منکے گلے میں ڈالے،اللہ اس کی مراد پوری نہ کرے اور جو کوئی کوڈ یا سیپیاں گلے میں ڈالے،اسے اللہ آرام نہ دے۔‘‘[2] اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ پیتل کا کڑا ہاتھ میں ڈالے ہوئے ہے۔آپ نے فرمایا:’’افسوس یہ کیا ہے۔‘‘ اس نے کہا:’’کمزوری دور کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔‘‘ آپ نے فرمایا:((اِنْزِعْھَا فَإِنَّھَا لَا تَزِیدُکَ إِلَّا وَھْنًا،وَإِنَّکَ لَوْ مِتَّ وَھِيَ عَلَیْکَ مَا أَفْلَحْتَ أَبَدًا)) ’’اسے اتار دے،یہ تیری کمزوری اور زیادہ کرے گا۔اگر تو اس حال میں مر گیا تو کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔‘‘[3] 5 وہ چیزیں جن کے ساتھ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے شفا طلب فرمائی: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا بابرکت ہاتھ مریض پر رکھ کر کہتے:((اَللَّھُمَّ!رَبَّ النَّاسِ أَذْھِبِ الْبَأْسَ،وَاشْفِہِ،وَأَنْتَ الشَّافِي لَا شِفَائَ إِلَّا شِفَائُ کَ شِفَائً لَّا یُغَادِرُ سَقَمًا)) ’’اے اللہ!انسانوں کے پالنے والے،تکلیف دور فرما،شفا دے تو ہی شافی ہے،تیرے سوا کسی کے پاس شفا نہیں ہے۔ایسی شفا دے جو بیماری کو نہ چھوڑے۔‘‘[4] ایک شخص نے آپ کے سامنے درد کی شکایت کی تو آپ فرمایا:’’جسم میں درد والی جگہ پر ہاتھ رکھ اور تین بار بسم اللہ کہہ اور سات بار یہ دعا پڑھ: ((أَعُوذُ بِاللّٰہِ وَقُدْرَتِہِ مِنْ شَرِّمَا أَجِدُ وَأُحَاذِرُ))
[1] [صحیح] مسند أحمد: 156/4، والمستدرک للحاکم: 219/4۔ ’’تمیمہ‘‘ کی جمع ’’تمائم‘‘ہے، یعنی وہ منکے جنھیں عرب، بچوں کے گلے میں نظر بد یا بد روحوں سے حفاظت کے لیے باندھتے تھے، اسی طرح ودعہ وہ (کوڈ یا سیپی)ہے جو نظر بدسے حفاظت یا زینت کے طور پر گلے میں ڈالتے تھے۔(الاثری) [2] [حسن] مسند أحمد: 154/4، والمستدرک للحاکم: 216/4، امام حاکم اور امام ذہبی نے اسے صحیح الاسناد قرار دیا ہے۔ [3] [ضعیف] مسند أحمد: 445/4، وسنن ابن ماجہ، الطب، باب تعلیق التمائم، حدیث: 3531 وحسنہ البوصیري اس کی سند انقطاع وغیرہ کی وجہ سے ضعیف ہے [4] صحیح البخاري، الطب، باب رقیۃ النبي صلی اللہ علیہ وسلم ، حدیث: 5743۔