کتاب: منہاج المسلم - صفحہ 366
٭ نفلی نماز کی اقسام: 1: تحیۃ المسجد: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:’إِذَا دَخَلَ أَحَدُکُمُ الْمَسْجِدَ فلَا یَجْلِسْ حَتّٰی یُصَلِّيَ رَکْعَتَیْنِ‘ ’’جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو وہ دو رکعت پڑھے بغیر نہ بیٹھے۔‘‘[1] 2: نماز چاشت: یہ چار سے آٹھ رکعات تک ہے۔اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیان فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ((اِبْنَ آدَمَ!اِرْکَعْ لِي أَرْبَعَ رَکَعَاتٍ مِنْ أَوَّلِ النَّھَارِ أَکْفِکَ آخِرَہُ))’’اے ابن آدم!دن کے اول حصے میں میرے لیے چار رکعات پڑھ،میں اس کے آخر میں تیرے لیے کفایت کروں گا۔‘‘[2] 3: تراویح رمضان: اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:((مَنْ قَامَ رَمَضَانَ إِیمَانًا وَّاحْتِسَابًا غُفِرَ لَہُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِہِ)) ’’جس نے ایمان اور طلب ثواب کے ساتھ رمضان کا قیام کیا تو اس کے پچھلے تمام گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔‘‘[3] 4: وضو کے بعد کی دو رکعتیں: اس لیے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:((لَا یَتَوَضَّأُ رَجُلٌ مُّسْلِمٌ فَیُحْسِنُ الْوُضُوئَ فَیُصَلِّي صَلَاۃً إِلَّا غَفَرَ اللّٰہُ لَہُ مَا بَیْنَہُ وَبَیْنَ الصَّلَاۃِ الَّتِي تَلِیھَا)) ’’جو مسلمان اچھا وضو کرتا ہے،پھر نماز پڑھتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے اگلی نماز تک کے گناہ معاف کر دیتا ہے۔‘‘[4] 5: سفر سے واپس آکر بستی کی مسجد میں دو رکعتیں پڑھنا: کیونکہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل سے ثابت ہے۔کعب بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:((کَانَ(النَّبِيُّ صلی اللّٰه علیہ وسلم)إِذَا قَدِمَ مِنْ سَفَرٍ بَدَأَ بِالْمَسْجِدِ فَرَکَعَ فِیہِ رَکْعَتَیْنِ))’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر سے واپس آتے تو پہلے مسجد میں جاتے اور دو رکعتیں پڑھتے تھے۔‘‘[5]
[1] صحیح البخاري، التھجد، باب ما جاء في التطوع مثنٰی مثنٰی، حدیث : 1163، وصحیح مسلم، صلاۃ المسافرین، باب استحباب تحیۃ المسجد:، حدیث: 714۔ [2] [حسن] مسند أحمد: 153/4، وجامع الترمذي، الوتر، باب ما جاء في صلاۃ الضحٰی،حدیث: 475،وقال حسن غریب،وسنن أبي داود،التطوع،باب صلاۃ الضحٰی،حدیث: 1289۔ [3] صحیح البخاري، الإیمان، باب تطوع قیام رمضان من الإیمان، حدیث: 37۔ اور صحیح البخاري، التھجد، باب قیام النبي صلی اللہ علیہ وسلم باللیل في رمضان وغیرہ، حدیث: 1147میں ہے کہ ابو سلمہ رضی اللہ عنہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان میں کس طرح نماز پڑھتے تھے۔ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا:آپ رمضان وغیر رمضان میں گیارہ رکعت سے زیادہ نہیں پڑھتے تھے۔ گیارہ رکعات میں آٹھ رکعات قیام رمضان ہیں اور تین رکعتیں وتر۔ (الاثری) [4] صحیح مسلم، الطھارۃ، باب فضل الوضوء:، حدیث : 227۔ [5] صحیح البخاري، المغازي، باب حدیث کعب بن مالک رضی اللہ عنہ ، حدیث : 4418، و صحیح مسلم، التوبۃ، باب حدیث توبۃ کعب :، حدیث: 2769۔