کتاب: منہاج المسلم - صفحہ 30
کے مسائل،کن عورتوں سے نکاح ہوسکتا ہے اورکن سے نہیں ہوسکتا۔امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا وجوب،نیت کی تصحیح،اللہ تعالیٰ کا ادب،رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کا ادب،حقوق العباد،الحب فی اللہ،والبُغض فی اللہ،کھانے پینے کے آداب،صبرو تحمل اور اعتدال کی فضیلتیں،مہمان نوازی کے انداز،محاسبۂ نفس،ظلم،حسد،دھوکے،خود پسندی،سُستی اور کاہلی کے نتائج،غرور کا انجام،توبہ،وضو اور غسل کے فرائض اور سنتیں،تیمم کی مشروعیت،محترم خواتین کے مخصوص صنفی مسائل اور احکام طہارت،نماز کی فضیلت و اہمیت،نماز قصر کے احکام،زکاۃ اور حج کے برکات،احکام جہاد،لُقطہ اور لقیط کے معاملات،مکروہ اور مستحب اُمور کا فرق،پاکی اور ناپاکی کے حدود،ماتحتوں اور نوکروں سے حسنِ سلوک،تجہیز و تکفین کے مسنون طریقے،قبرکو پکا کرنے کی ممانعت،مرتد کی سزا،زندیق،جادوگر اور تارک نماز سے کیا سلوک کیاجائے،احکام تجارت،وراثت کے مسائل،قصاص و دیت کے امور اور عدل و انصاف کے تقاضے،غرضیکہ زندگی کا کوئی موڑ اور کوئی مرحلہ ایسا نہیں جس کے لیے فاضلِ اجل مؤلف نے رہبری کی بھرپور روشنی مہیا نہ کی ہو۔وہ بگاڑ اور سدھار کی کیفیات سے آگاہ ہیں۔منفی محرکات کے سدباب کے طریقے خوب بتاتے ہیں۔اور نیکی کے راستے روشن کرتے چلے جاتے ہیں۔
’’منہاج المسلم‘‘ کا زیر نظر ایڈیشن اپنے ظواہر کے اعتبار ہی سے نہیں،معنوی لحاظ سے بھی پچھلے ایڈیشنوں کے مقابلے میں بدرجہا زیادہ خوبصورت،جاذبِ توجہ اور فیض رساں شکل اختیار کر گیا ہے۔اب یہ کتاب جہازی سائز میں پیش کی جا رہی ہے۔حسب معمول اس کتاب کی تیاری میں بھی دارالسلام لاہور کے مدیر عزیزی حافظ عبدالعظیم اسد کی رہنمائی متواتر سرگرمِ کار رہی۔شیخ الحدیث مولانا عبدالصمد رفیقی حفظہ اللہ(فاضل مدینہ یونیورسٹی)اور ادارے کے سینئررکن محترم مفتی عبدالولی خان حفظہ اللہ نے پورے مسودے پر اول سے آخر تک باریک بینی سے نظر ثانی اور تصحیح و تنقیح کی۔جبکہ تحقیق و تخریج کی اہم ترین ذمہ داری معروف محقق محترم حافظ زبیر علی زئی حفظہ اللہ نے سرانجام دی اور موصوف کی تحقیق و تخریج کے حوالے ادارے کے معزز رکن قاری عبدالرشید راشد حفظہ اللہ نے بڑی جانفشانی سے چیک کیے،جس سے جدید ایڈیشن کی طباعت و اشاعت نہایت تسلی بخش اور انتہائی معتبر ہو گئی ہے۔ڈیزائننگ کی ذمہ داری زاہد سلیم چوہدری اور اسد علی نے خوب نبھائی،کمپوزنگ ابو مصعب،محمد رمضان شاد اور ان کے ساتھیوں نے کی ہے۔شعبہ فقہ و متفرقات کے انچارج جناب حافظ محمد ندیم،پروفیسر منیر احمد رسولپوری،مولانا مشتاق احمد،مولانا عبدالرحمن اور مولانا ساجد الرحمن نے توجہ سے پروف پڑھے ہیں۔یوں ان سب عزیزوں کی اجتماعی محنت کے نتیجے میں یہ حسین و جمیل کتاب آپ کے زیر مطالعہ ہے۔اللہ تعالیٰ حسنِ عمل کی توفیق دے اور متذکرہ معاونین کرام کو سداخوش رکھے!
خادم کتاب وسنت
عبدالمالک مجاہد
اپریل 2010ء منیجنگ ڈائریکٹر دارالسلام الریاض،لاہور