کتاب: منہاج المسلم - صفحہ 29
کتاب: منہاج المسلم
مصنف: ابوبکر جابر الجزائری
پبلیشر: دار السلام لاہور
ترجمہ:
عرض ناشر
ہمارا مقدس رب وحدہٗ لا شریک ہے۔ہمارے رہبر اعظم محمد صلی اللہ علیہ وسلم رحمت للعالمین ہیں اور خود ہم بلحاظِ منصب خیر الامم ہیں۔ایسا بے مثل اور عظیم الشان اعزاز مسلمانوں کے علاوہ کسی اور مِلّت کے حصے میں نہیں آیا۔اس کے باوجود آج مسلمان دنیا بھر میں جس خواری،زبوں حالی،اور ذلت و ہلاکت سے دوچار ہیں وہ ایک دلدوز سانحہ ہے۔سوچنے کی بات ہے کہ ایسا کیوں ہے؟ اس سوال کا واحد جواب یہ ہے کہ اسلام نے ہمیں توحید،تہذیبِ نفس،کیریکٹر کی بلندی اور علم و بصیرت کے جتنے سبق سکھائے تھے وہ سارے سبق ہم نے یکسر فراموش کردیے۔ان اسباق کی باز خوانی اشد ضروری ہے۔
اسلام اٹل سچائیوں کا عالمگیر دین ہے۔اس کی دعوت یہ ہے کہ ہر انسان(۱).اپنے خالق و مالک کو پہچانے اور اپنے دل و دماغ کو صرف اُسی کی جلوہ گاہ بنائے۔ (۲). ہر فرد یہ حقیقت اچھی طرح سمجھ لے کہ ہر عمل کا دامن ایک مخصوص نتیجے سے بندھا ہوا ہے۔اچھے عمل کا نتیجہ عزت اور کامیابی ہے۔اور برے عمل کا نتیجہ ذلت اور نامرادی ہے۔ (۳).انسان شتر بے مہار نہیں ہے۔وہ مشاہدے کی موجودہ زندگی کے بعد موت کی سرحد عبورکرکے عالمِ غیب میں قدم رکھے گا تو حشر کے میدان میں اس کا ہر عمل پرکھا جائے گا۔اچھے عمل کی جزا اور برے عمل کی سزا ضرور ملے گی۔ (۴). اس لیے ہر انسان پر لازم ہے کہ اپنے لیے فلاحِ دارین کی راہ ڈھونڈے۔یہ راہ صرف اسلام ہی کی بتائی ہوئی صراطِ مستقیم ہے۔
الحمدللہ!دارالسلام اسلام کی سچی اور سیدھی راہ اُجاگرکرنے کے لیے شام و سحر کوشاں ہے اوراس مقدس مقصد کے لیے جدید پیمانے پر قرآن و سنت کی ٹھیٹ تعلیمات پر مبنی نہایت خوبصورت لٹریچر پیش کر رہا ہے۔زیر نظر کتاب ’’منہاج المسلم‘‘ بھی اسی زرّیں سلسلے کی نہایت مستند اور مفصل پیش کش ہے۔اس کتاب میں خیابانِ اسلام کے وہ تمام گلاب ولالہ یک جاکر دیے گئے ہیں جن کی جاں فزا مہک سے سرشار ہوکر صراطِ مستقیم کا سفر آسان ہی نہیں دلکش اور مسرت بخش بھی بن جاتا ہے۔اس کتاب کے مؤلف سعودی عرب کے نامور عالمِ دین فضیلۃ الشیخ ابو بکر جابر الجزائری حفظہ اللہ ہیں۔عربی میں ان کی اس عظیم نگارش کا اردو میں ترجمہ شیخ الحدیث مولانا محمد رفیق الاثری حفظہ اللہ نے کیا ہے۔
آپ کو اس کتاب کے عنوانات ہی سے اندازہ ہوجائے گا کہ جلیل القدر مؤلف نے کامل دینی زندگی کے سبق سکھانے کے لیے کیسی لگن،محنت،اور باریک بینی سے کتنی جُزرسی اور تفصیلِ جمیل کے ساتھ قرآن و سنت کے کیسے کیسے ایمان پرور علوم برمحل جمع کردیے ہیں۔عقائد،عبادات،اخلاقیات،معاشرتی معاملات،عائلی زندگی کا سلیقہ،نکاح و طلاق