کتاب: منہاج المسلم - صفحہ 186
1: مسلمان کافر کو کفر پر قرار نہ بخشے،اور نہ اسے پسندیدگی سے دیکھے،اس لیے کہ کفر کو پسند کرنا بھی کفر ہے۔ 2: اس سے بغض رکھے،اس لیے کہ اللہ تعالیٰ بھی اس سے بغض رکھتا ہے،اور مسلمان کی محبت یا بغض اللہ کے لیے ہے چونکہ اللہ بھی کافر سے بغض رکھتا ہے،لہٰذا مسلمان کو بھی اس سے بعض رکھنا چاہیے۔ 3: کافر سے دوستی اور محبت نہ رکھے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:﴿لَّا يَتَّخِذِ الْمُؤْمِنُونَ الْكَافِرِينَ أَوْلِيَاءَ مِن دُونِ الْمُؤْمِنِينَ﴾ ’’مومن اہل ایمان کو چھوڑ کر کافروں کو دوست نہ بنائیں۔‘‘ [1] ارشادِ ربانی ہے:﴿لَّا تَجِدُ قَوْمًا يُؤْمِنُونَ بِاللّٰهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ يُوَادُّونَ مَنْ حَادَّ اللّٰهَ وَرَسُولَهُ وَلَوْ كَانُوا آبَاءَهُمْ أَوْ أَبْنَاءَهُمْ أَوْ إِخْوَانَهُمْ أَوْ عَشِيرَتَهُمْ﴾’’اللہ اورروزِ آخرت پر ایمان لانے والے لوگوں کو تو نہیں پائے گا کہ وہ اللہ اور اس کے رسول(صلی اللہ علیہ وسلم)کی مخالفت کرنے والوں کے ساتھ محبت کرتے ہوں،چاہے(مخالفت کرنے والے)ان کے باپ،بیٹے،بھائی یا کنبہ کے لوگ ہی کیوں نہ ہوں۔‘‘ [2] 4: اگر کافر مسلمانوں کے ساتھ حالتِ جنگ میں(محارِب)نہ ہو تو اس کے ساتھ عدل و انصاف اور نیکی کا رویہ قائم رکھنا چاہیے۔اللہ سبحانہ وتعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿لَّا يَنْهَاكُمُ اللّٰهُ عَنِ الَّذِينَ لَمْ يُقَاتِلُوكُمْ فِي الدِّينِ وَلَمْ يُخْرِجُوكُم مِّن دِيَارِكُمْ أَن تَبَرُّوهُمْ وَتُقْسِطُوا إِلَيْهِمْ ۚ إِنَّ اللّٰهَ يُحِبُّ الْمُقْسِطِينَ﴾ ’’جنھوں نے دین میں تمھارے ساتھ لڑائی نہیں کی اور تمھیں تمھارے گھروں سے نہیں نکالا،ان کے ساتھ بھلائی اور انصاف کا سلوک کرنے سے اللہ تمھیں نہیں روکتا،بے شک اللہ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔‘‘ [3] یہ آیتِ کریمہ کافروں کے ساتھ عدل و انصاف کرنے کی اجازت دیتی ہے اور اس بات کی بھی کہ مسلمانوں کا ان کے ساتھ رویہ اچھا ہونا چاہیے۔اس سے صرف وہ کافر مستثنیٰ ہیں جو(دین کی و جہ سے)مسلمانوں کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہیں،یعنی محارب ہیں کیونکہ ان کے لیے مخصوص احکام ہیں۔جن کا تذکرہ ’’أحکام المحاربین‘‘ کے عنوان سے ہوتا ہے۔ 5: انسانی معاملات میں مسلمانوں کا معاملہ کافر کے ساتھ بھی رحمت و مہر بانی کا ہوتا ہے،یعنی بھوکے کو کھانا کھلائے،پیاسے کو پانی پلائے،بیمار ہے تو علاج کرے،ہلاکت کا اندیشہ ہے تو بچانے کی سعی کرے اور ایذا رسانی سے اجتناب کرے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:((اِرْحَمْ مَّنْ فِي الْأَرْضِ یَرْحَمْکَ مَنْ فِي السَّمَائِ))
[1] اٰل عمرٰن 28:3۔ [2] المجادلۃ 22:58۔ [3] الممتحنۃ 8:60۔