کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد6،5) - صفحہ 706
حالت اکمل ہوگی ؛تو بلاشبہ معصوم نائبین کی موجودگی میں بھی ان کی حالت تمام و کمال سے بہرہ ور ہو گی اور اگر وہ بذات خود معصوم ہوں تو یہ اور بھی بہتر ہے،اور ایسا نہیں ہے کہ ہر وہ چیز جسے لوگ مانتے ہوں ‘[یا اپنے حق میں بہتر خیال کرتے ہوں ] اللہ تعالیٰ بھی وہی کرے؛ اور اﷲتعالیٰ پر ایسا کرنا واجب بھی نہیں ہے۔[اس لیے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی مصلحتوں سے خوب واقف ہے ]۔
اگر شیعہ کہیں کہ ہماری مراد یہ ہے کہ ’’ جب معصوم نہ ہوگا تو لوگ جہنم میں جائیں گے اوردنیا میں زندہ نہ رہ سکیں گے یا یہ کہ سخت مصیبتیں آئیں گی۔‘‘
ہم کہتے ہیں کہ بفرض محال اگر یہ درست ہے؛ تو تم نے یوں کیوں نہ کہا کہ مصائب و آلام کا ازالہ ضروری ہے ؟ ظاہر ہے کہ دنیا میں بیماریاں اور ہموم و غموم موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ گھر بار اور مال میں مصائب؛ گرانی اور حوادث و آلام بھی پائے جاتے ہیں ۔پھلوں [اور فصلوں ] کو مصیبت کا پہنچنا بھی موجود ہے۔ امام مظلوم کے ظہور پذیر ہونے کی صورت میں اسے جو ضرر لاحق ہوتا وہ ان مصائب سے زیادہ نہ ہوتا اور اﷲتعالیٰ نے اس کا ازالہ بھی نہیں کیا۔
تیسری وجہ:....شیعہ کا کہنا ہے کہ: ’’قدرت اور داعی کے ثبوت ؛ اورصارف کی نفی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ پر امام کو نصب کرنا واجب ہوگیا ۔
اس سے پوچھا جائے کہ : اس نے یہ کیوں نہیں کہا کہ : داعی ثابت ہے ‘ اور صارف کی نفی ہے ؟
شیعہ کا قول : ’’ عالم[دنیا] کی ضرورت امام نصب کیے جانے کی داعی ہے ؟‘‘
اس سے کہا جائے گا کہ : ’’ داعی تو وہ ہوتا جو کسی فاعل کا داعی ہو۔ تو تم نے یہ کیوں کہا کہ صرف ضرورت اللہ تعالیٰ کے لیے امام نصب کرنے کی دا عی ہے ۔‘‘؟
ایسے ہی شیعہ نے ’’ انتفاء صارف ‘‘کا کہا ہے۔ اس نے صرف اس کے داعی میں خرابی کے نہ ہونے کو انتفاء صارف [اور نصب امام کی ضرورت] کے طور پر ذکر کیا ہے ۔یہ کیوں نہیں کہا کہ اس میں سرے سے کوئی خرابی ہے ہی نہیں ۔ اس پر مزید یہ کہ بشری حوائج و ضروریات کا کوئی ٹھکانہ نہیں ۔ مثلاً انسان کو صحت و قوت مال و سرور اور لاتعداد امور کی ضرورت ہے۔
چوتھی وجہ:....شیعہ کا کہنا ہے کہ: ’’ بیشک اللہ تعالیٰ امام معصوم کے نصب کرنے پر قادر ہے ۔‘‘
کیا اس سے اس کی مراد ایسا معصوم ہے جوکہ نیکی کے کام بھی اپنے اختیار سے کرتا ہے او ربرائی کے کام بھی ؛ اور اللہ تعالیٰ اس کے اختیار کو پیدا کرتا ہے ؛ جیسا کہ شیعہ کا عقیدہ ہے ؟ یا پھر تمہاری مراد یہ ہے کہ امام معصوم اللہ تعالیٰ کے پیدا کردہ اختیار کے بغیر ہی اطاعت گزاری کے کام کرتا ہے ؟
اگر شیعہ کہیں کہ ہماری مراد پہلی ہے تو ان کے اصولوں کے مطابق یہ باطل ہے ۔شیعہ کے اصول کو پیش نظر رکھا جائے تو اﷲتعالیٰ اس تفسیر کے مطابق معصوم مأمون کو پیدا کرنے پر قادر نہیں ؛ جیسا کہ ان کے ہاں اللہ تعالیٰ مومن و کافر کوپیدا کرنے پر قادر نہیں ہے۔ اس لیے کہ شیعہ کے عقیدہ کے مطابق اللہ تعالیٰ زندہ اور مختار کے فعل پر قدرت نہیں رکھتا۔