کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد4،3) - صفحہ 427
اور عرض کیا کہ:’’ کیا یہ وہ لوگ ہیں جو شراب پیتے ہیں اور چوری کرتے ہیں ؟تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’ اے صدیق کی بیٹی! نہیں ، بلکہ اس سے مراد وہ لوگ ہیں جو روزے رکھتے نماز پڑھتے صدقہ دیتے ہیں اور اس بات سے ڈرتے ہیں کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ان سے قبول نہ کیا جائے۔‘‘ [ جامع ترمذی:ح 1122 ]
فصل:....خلیفہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خطاب کا مستحق کون ؟
[رافضی کا کہنا ہے کہ اہل سنت حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کو خلیفہء رسول کہتے ہیں ؛ جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں اور بعد از وفات آپ کو اپنا خلیفہ (نائب و قائم مقام) مقرر نہیں کیا تھا]
[اعتراض]: رافضی مضمون نگار لکھتا ہے: اہل سنت ابوبکر رضی اللہ عنہ کو خلیفہ رسول کہتے ہیں ، حالانکہ آپ نے اپنی زندگی میں بعد از وفات آپ کو اپنا خلیفہ (نائب و قائم مقام) مقرر نہیں کیا تھا۔ اس کے برعکس اہل سنت حضرت علی رضی اللہ عنہ کو خلیفہ رسول نہیں کہتے ۔ حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو کئی بار اپنی عدم موجودگی میں مدینہ کا حاکم مقرر کیا تھا ۔ایسے ہی غزوہ تبوک کے موقع پر بھی آپ مدینہ میں خلیفہ بنے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موقع پر فرمایا تھا:’’ میرے اور آپ کے سوا کوئی شخص حاکم مدینہ بننے کا اہل نہیں ہے۔کیا آپ کو یہ بات پسند نہیں کہ آپ کو مجھ سے وہی نسبت ہو جو ہارون کو موسیٰ علیہ السلام سے تھی؛ سوائے اس کے کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ۔‘‘نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ کو سالار لشکر مقرر فرمایا؛ اس لشکر میں ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما بھی تھے۔ تاہم اہل سنت حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ کو خلیفہ کے لقب سے یاد نہیں کرتے۔ جب ابوبکر رضی اللہ عنہ مسند خلافت پر فائز ہوئے تو اسامہ رضی اللہ عنہ نے بگڑ کر کہا : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے آپ پر امیر بنایا تھا۔ بتائیے ! آپ کو کس نے میرا حاکم بنایا؟ ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما دونوں پاپیادہ اسامہ رضی اللہ عنہ کے یہاں پہنچے اور ان کو راضی کیا۔اور آپ دونوں حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ کو تاحیات امیر کہتے رہے ۔‘‘[انتہی کلام الرافضی]
[جواب]
خلیفہ کی تعریف:
اس کا جواب یہ ہے کہ خلیفہ کا لفظ دو معنوں پر بولا جاتا ہے:
۱۔ جو کسی کا قائم مقام ہو، اس کو خلیفہ کہتے ہیں ،بھلے اسے پہلے نے اپنے بعد خلیفہ نہ بھی مقرر کیاہو۔ جیسا کہ لغت میں معروف ہے۔یہ جمہور کا قول ہے۔
۲۔ اس کا دوسرا معنی : خلیفہ وہ ہے جس کو کوئی شخص اپنا نائب مقرر کرے۔ یہ روافض اور بعض ظاہریہ کا مسلک و مذہب ہے۔[1]
[1] محدث ابن حزم اپنی کتاب ’’ الامامۃ والمفاضلۃ‘‘ میں جو ان کی شہرہ آفاق تصنیف کتاب الفِصل کی جلد چہارم میں شامل ہے۔ صفحہ:۱۰۷ ،پر رقم طراز ہیں :’’ اﷲ تعالیٰ نے جن لوگوں کے صادق القول ہونے کی شہادت دی ہے اور ان کے ساتھ ساتھ ان کے انصاری بھائی اس امر میں متفق اللسان ہیں کہ سیدنا ابوبکر خلیفۂ رسول تھے۔ اور کسی شخص کا خلیفہ(قائم مقام) وہ ہوتا ہے جس کو وہ خود اپنا نائب مقرر کرے نہ وہ جو کہ از خود کسی کا قائم مقام بن جائے۔